پاکستانی راک بینڈ xaib’s gang کے گلوکار زیب کا تیار کردہ ایک تحریکی گیت چوری کر لیا گیا ہے اور بینڈ کی اجازت کے بغیر اسے جشن آزادی کی مناسبت سے سرکاری ٹی وی سمیت دیگر چینلز اور سوشل میڈیا پر نشر کردیا گیا ہے۔ ’’امید‘‘ کو کاپی رائٹس قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اصل بینڈ زیبز گینگ کی ویڈیو جاری ہونے سے پہلے ہی لانچ کیا گیا ہے، جسے پاکستانی میوزک انڈسٹری کیلئے بڑا دھچکہ قرار دیا جا رہا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ burgeonentertainment ’’برجیون انٹرٹینمنٹ‘‘ نے جب زیبز گینگ کے نغمہ کو چُرا کر اپنی تئیں ریلیز کیا تو اس وقت گلوکار زیب اور ان کے بینڈ ارکان مذکورہ گیت کی ویڈیو ایڈٹنگ میں مصروف تھے۔ نغمے کی ویڈیو شوٹ رواں برس کے اوائل میں ہوئی تھی۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں کہ آیا زیبز گینگ ’’امید‘‘ کو یومِ آزادی کے موقع پر لانچ کرنا چاہتا تھا یا نہیں۔
راک بینڈ نے گلوکار زیب کی اپنی آواز میں گایا ہوا مذکورہ نغمہ ’’امید‘‘ گزشتہ برس یونیورسٹی میں تھیسیس کیلئے بننے والی ایک شارٹ فلم کیلئے چند طلبا کو فیور دیتے ہوئے دیا تھا۔ بہترین موسیقی، خوبصورت آواز اور جاندار شاعری کی بدولت مذکورہ گیت نے کراچی میں درختوں کی کمی کے حوالے سے بننے والی فلم کو چار چاند لگا دیئے تھے اور یہ شارٹ فلم مقابلے میں پہلے نمبر پر رہی تھی۔ تاہم بعد ازاں طلبا نے بینڈ اور اس کے گلوکار زیب کے ساتھ دھوکہ کرتے ہوئے اس کی ایک علیحدہ ویڈیو تیار کرلی اور اس ’’آفیشل ویڈیو‘‘ کو یوم آزادی کے موقع پر ریلیز کر دیا، جس میں گلوکار کو شامل کرنے یا ان سے اجازت لینے کی زحمت بھی نہیں کی گئی۔
چوری شدہ ملی نغمے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو لڑکے گلوکار زیب کی گیت پر لِپسنگ کر رہے ہیں۔ جبکہ اس میں قائد اعظم محمد علی جناح کی تقریر، ورلڈ کپ 1992 اور قیام پاکستان کے مناظر فلمائے گئے ہیں۔ حیرت انگیز طور پر سرکاری ٹی وی نے ملی نغمے کو نشر کرنے سے پہلے کاپی رائٹس کے معاملات سمیت دیگر امور کی چھان بین بھی نہیں کی کہ مذکورہ گیت کس گروپ نے تیار کیا ہے۔
’’واضح رہے‘‘ نے گلوکار زیب سے رابطہ کرکے مزید تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ فی الحال کچھ نہیں کہنا چاہتے۔ وہ دھوکہ باز عناصر کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے۔