نیویارک: ایلگزینڈر المعروف ”اسکول بوائے“ پنجہ آزمائی کے اکھاڑے کا بے تاج بادشاہ ہے۔ ناقابل شکست نوجوان آرم ریسلر یوٹیوب پر خاصا متحرک ہے اور اس کی ویڈیوز کو دنیا بھر میں لاکھوں افراد دیکھتے ہیں۔ اپنی خداداد صلاحیتوں سے لوگوں کو حیران کر دینے والا ایلگزینڈر آج جس مقام پر ہے۔ اُس میں اس کے بڑے بھائی ایلکسے کا بہت بڑا کردار ہے۔
یہ ایلگزینڈ کا بڑا بھائی ہی تھا، جو اسے امریکہ لے کر گیا اور وہاں اسے ”آرم ریسلنگ فریک“ بنا دیا۔ دونوں بھائیوں نے عالمی سطح پر پنجہ آزمائی کے بے شمار مقابلوں میں شرکت کی اور اپنی پہچان بنائی۔ ایلگزینڈر ایک ہزار سے زائد پیشہ ور آرم ریسلرز اور باڈی بلڈرز کو چت رکنے کا اعزاز رکھتا ہے۔ ایلگزینڈر کی شہرت کا یہ عالم ہے کہ اتنی چھوٹی سی عمر میں ہی وہ بڑے بڑے پیشہ ور آرم ریسلر کو تربیت فراہم کر رہا ہے۔ یوں ٹریننگ اور یوٹیوب ویورشپ اس کی کمائی کا ذریعہ ہے۔
20 سالہ ”اسکول بوائے“ کا مکمل نام ایلگزینڈر بیزیزیکوف ہے اور اس کا تعلق روس سے ہے۔ وہ روس کے دور افتادہ خطے پریمورسکی کرائی کے قصبے آرسنیو میں پلا بڑھا۔ بڑے بڑے پہلوانوں اور آرم ریسلرز کو پچھاڑ دینے والے ایلگزینڈر کا یوٹیوب چینل اس کا بڑا بھائی ایلکسے آپریٹ کرتا ہے۔ ایلکسے نے 2012ء میں alex Toproll کے نام سے یوٹیوب چینل بنایا تھا، جس کی ویڈیوز گزشتہ دو برس کے دوران دنیا بھر میں مقبول ہوئیں۔
دراصل اس کا بڑے بھائی ایلکسے آرم ریسلنگ کا بے حد شوقین تھا۔ لہٰذا وہ ایلگزینڈر جو اس سے کئی سال چھوٹا ہے، کے ساتھ پنجہ آزمائی کرتا تھا۔ شوق شوق میں آرم ریسلنگ کا کھیل اسکول لائف سے ہی دونوں بھائیوں کا پسندیدہ مشغلہ بن گیا۔ اس طرح بچپن سے جانے انجانے میں ایلگزینڈر کی ٹریننگ ہوتی رہی۔ تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اسے پنجہ آزمائی کے متعلق مفید معلومات ملیں اور اپنے تجربات سے ہی اس نے کھیل پر گرفت حاصل کرلی۔
11 برس کی عمر میں ایلگزینڈر بیزیزیکوف نے باقاعدہ طور پر کسی مقابلے میں حصہ لیا۔ ولادیوستوک یونیورسٹی میں ہونے والے آرم ریسلنگ کا مقابلہ ایلگزینڈر بیزیزیکوف کیلئے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ اسے مقامی طور پر جانا جانے لگا۔ اس یونیورسٹی سے ایلگزینڈر کا بڑا بھائی ایلکسے گریجویشن مکمل کر رہا تھا۔ 2000ء میں ہونے والے اس مقابلے میں نہ تو کوئی ٹرینرز بچوں کی رہنمائی کیلئے موجود تھے اور نہ ہی ایلگزینڈر نے ان مقابلوں کیلئے خصوصی تربیت لے رکھی تھی۔ البتہ وہ اپنے طور پر ہی بازوؤں کی اسٹریچنگ اور ویٹ لفٹنگ ضرور کیا کرتا تھا۔
جمنگ کی عادت نے ایلگزینڈر کو سب سے مایہ ناز کیا۔ اس کی زندگی کے ابتدائی سال گھر، اسکول اور یونیورسٹی میں پنجہ آزمائی کرتے گزرے۔ اس دوران ایلگزینڈر المعورف اسکول بوائے کے بڑے بھائی نے اپنی تعلیم بھی مکمل کرلی۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ایلگزینڈر نے آرم ریسلنگ میں نام بنانے کیلئے باقاعدہ ٹریننگ 13 برس کی عمر میں شروع کی تھی۔ لیکن حقیقی معنوں میں اس کی تربیت کا آغاز 16 برس کی عمر سے ہوا۔
دونوں بھائی بھاری وزن اٹھانے کے بعد جم میں ہی ایک دوسرے سے پنجہ آزمائی کرتے۔ جسے دیکھ کر جم میں موجود دیگر لڑکے بھی مقابلے میں کود پڑتے۔ ایلکسے تو کبھی کبھار اپنی باری ہار جاتا، لیکن ایلگزینڈر کو ہرانا کسی کے بس کی بات نہ تھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے ایلگزینڈر بیزیزیکوف کی ویڈیو سوشل میڈیا خصوصاً ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ یو ٹیوب پر مشہور ہونا شروع ہوگئیں۔ ابتدا میں سینکڑوں پھر ہزاروں افراد ان کے یوٹیوب چینل کو دیکھنے لگے۔
2016ء میں ایلگزینڈر کے بڑے بھائی ایلکسے کو ایک ذہنی حادثہ پیش آیا، جس کی وجہ سے وہ ڈیڑھ ماہ تک اسپتال میں زیر علاج رہا۔ اس دھچکے کو بعض انٹرنیٹ صارفین کسی قسم کے ڈپریشن سے تعبیر کرنے لگے۔ تاہم بیزیزیکوف برادرز اس مشکل وقت سے مزید حوصلہ مند ہوکر نکلے۔ ذہنی تناؤ کو شکست دیتے ہوئے ایلکسے نے اپنے غیر فعال یوٹیوب چینل پر ویڈیو اپ لوڈنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا۔ اس نے مختلف مقابلوں کی ویڈیوز اپ لوڈ کیں، جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے کہ عینک لگائے ایک عام سا لڑکا (اسکول بوائے) کیسے بڑے بڑے بائسیپس والے لحیم شحیم باڈی بلڈرز کو ناکوں چنے چبوا رہا ہے۔
اسی سال alex toproll یوٹیوب چینل دنیا بھر میں مقبول ہوگیا اور ایلگزینڈر کی ویڈیوز کو اپ لوڈنگ کے چند ہی منٹوں میں لاکھوں ویوز ملنے لگے۔ بہرحال 2018ء میں ایلگزینڈر نے اپنی آرم ریسلنگ صلاحیتوں سے نامی گرامی پہلوانوں کو چت کرکے انٹرنیٹ پر طوفان برپا کر دیا اور ہر ماہ اس کے یوٹیوب سبسکرائبرز کی تعداد میں 60 ہزار کا اضافہ ہوتا رہا۔
واضح رہے کہ یہ تمام کامیابیاں انہیں اپنے ملک روس میں نہیں بلکہ امریکہ میں ملیں۔ بیزیزیکوف برادرز کی امریکہ میں رہائش اختیار کرنے کا پس منظر یہ ہے کہ 2010ء میں ایلگزینڈر کا بڑا بھائی ایلکسے ولادیوستوک یونیورسٹی کے ایکسچینج پروگرام کے تحت امریکہ گیا۔ اسے مغربی طور طریقے اور روایات بے حد پسند آئیں اور اسے شدت سے محسوس ہوا کہ امریکہ میں آرم ریسلنگ کا بہت اسکوپ ہے۔ چنانچہ پروگرام کے خاتمے کے بعد اس نے مستقل طور پر امریکہ میں سکونت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔
بطور پیشہ ور آرم ریسلر ایلکسے امریکہ بھر میں کئی مقابلوں میں شریک ہوا۔ لیکن اس کی کامیابیوں کا تناسب اپنے چھوٹے بھائی ایلگزینڈر جیسا 100 فیصد نہ تھا۔ اسے اپنے چھوٹے بھائی کی کمی شدت سے محسوس ہوئی۔ لہٰذا کچھ عرصے بعد اس نے ایلگزینڈر کو بھی امریکہ بلالیا۔
یہاں بیزیزیکوف برادرز کی زندگی میں انقلاب اس وقت آیا جب دونوں نے نیویارک کے معروف ٹائمز اسکوائر پر اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں بھائیوں نے یہ ترکیب سوچی کہ ایلگزینڈر ٹائمز اسکوائر پر کھڑے ہوکر لوگوں کو آرم ریسلنگ پر اُکسائے گا۔ اس کام کیلئے ”armwrestling- get 10 dollars Beat me at“ یعنی مجھ سے پنجہ آزمائی میں جیت کر دکھاؤ اور 10 ڈالر حاصل کرو کا بینر بنایا گیا۔ ‘‘پیشکش’’ دیکھ کر ایلگزینڈر سے ایک ایک ہاتھ کرنے کیلئے لوگ آنے لگے۔ جبکہ اس کا بھائی ویڈیو بنا بناکر یوٹیوب پر اپ لوڈ کرتا رہا۔
امریکہ کے موٹے تازے نوجوان بھی ایلگزینڈر کو چیلنج کرنے ٹائمز اسکوائر پہنچے، لیکن کوئی بھی اسے ہرا نہیں سکا۔ حتیٰ کہ ایک وقت میں یکے بعد دیگرے درجنوں نوجوانوں/ تن سازوں نے ایلگزینڈر کا پنجہ ٹیبل سے لگانے کی کوشش کی، مگر الیگزینڈر ہر بار ہی اپنے حریف پر حاوی رہا۔ لوگ ایلگزینڈر المعروف اسکول بوائی کے خلاف اپنی قوت کا مظاہرہ کرتے۔ اور جب وہ اس کا مقابلہ نہ کر پاتے تو حیرت زدہ رہ جاتے۔
اب جب بھی الیگزینڈر نیویارک ٹائمز پر اپنی آرم ریسلنگ ٹیبل لگاتا ہے تو لوگوں کو ہجوم ارد گرد جمع ہوجاتا ہے، جو اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کم عمری سے ہی آرم ریسلنگ کو بطور شوق کھیلنے والا روس کا ایلگزینڈر بیزیزیکوف امریکہ میں اسٹار ہے، جس کے ساتھ بعض یوٹیوبرز تو اس لئے فائٹ کرتے ہیں کہ ویب سائٹ پر ان کی ویڈیو کے ویوز بڑھ سکیں۔
ادھر بڑے بڑے بائیسپس والے لحیم شحیم ریسلرز بھی ایلگزینڈر کے مضبوط بازوؤں کے آگے بے بس نظر آتے ہیں۔ اسکول بوائے اب تک سینکڑوں پیشہ ور آرم ریسلرز کو کئی کئی بار چت کر چکا ہے۔ یہ ریسلرز اس کا بازو توڑنے کیلئے ہر بار قسم ہا قسم اور نت نئے انداز سے تیاریاں کرکے آتے ہیں، لیکن ایلگزینڈر کا کچھ نہیں بگاڑ پاتے، جو اپنے دونوں دائیں اور بائیں بازو سے مقابلہ لڑنے کی قابلیت رکھتا ہے۔
ایلگزینڈر کے ہاتھوں شکست فاش کھانے والے معروف آرم ریسلرز میں میوٹنٹ، جسٹن بشپ، ڈیون لیرٹ، خالد جیش ہل، لیری وہیلز، چوبیکا، پوپوئے، لیونیڈاس ارکونا، دنیا کے طاقتور ترین باڈی بلڈر کا اعزاز رکھنے والے لیری اور سابق ڈبلیو ڈبلیو ای سُپر اسٹار دی راک (ڈوین جانسن) شامل ہیں۔ ایلگزینڈر 2017ء سے اب تک پنسلوینا اور ورجینیا سمیت امریکہ کے کئی ریاستوں، روس، ملائیشیا اور جنوبی کوریا میں ہونے والے آرم ریسلنگ مقابلے اپنے نام کر چکا ہے اور اس نے ایک فائٹ بھی نہ ہارنے کے سبب پوری دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال کر رکھا ہے۔
اس نے 18 برس کی عمر میں ملائیشیا میں آزاد کیٹگری کا ٹورنامنٹ جیتا۔ چائنا اوپن 2019ء میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جھنڈے گاڑے۔ ان تمام ہی ٹورنامنٹس میں آرم ریسلنگ کے ٹاپ 8 ایتھلیٹس شریک ہوئے، جس کے سبب یہ بات یقینی ہے کہ ایلگزینڈر کو مشکل سے مشکل حریف کا سامنا رہا ہے۔ الیگزینڈر کا ایک اور اعزاز یہ ہے کہ وہ اتنی چھوٹی سی عرم میں پیشہ ور آرم ریسلرز کو ٹریننگ دیتا ہے اور انہیں قوت بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔