سری لنکا کو گال ٹیسٹ جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے لیگ اسپنر اکیلا دننجایا پر مشکوک ایکشن کے باعث معطلی کے خطرات منڈلانے لگے ہیں۔ یہ 10 ماہ میں دوسری بار ہے کہ اکیلا دننجایا کا بالنگ ایکشن رپورٹ ہوا ہے، جس کے باعث وہ پابندی بھی بھگت چکے ہیں۔ گال ٹیسٹ میں ہی نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن جو کہ ایک پارٹ ٹائم بالر ہیں، کا بالنگ ایکشن بھی رپورٹ ہوا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق اکیلا دننجایا کو ایک بار پھر بائیو مکینکس ٹیسٹ کے عمل سے گزارا جائے گا اور اگر اس بار بھی تجزیے میں ان کے بازو کا خم 15 ڈگری سے زائد رہا تو ان کے بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بالنگ کرانے پر پابندی ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی انہیں مشکوک ایکشن کے باعث معطل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد دننجایا نے اپنے بالنگ ایکشن کو درست کیا اور آسٹریلیا کے شہر برسبین میں قائم بائیو مکینکس لیب سے ایکشن کلیئرنس کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا تھا، جس کے بعد سے وہ مسلسل سری لنکن ٹیم کا حصہ رہے۔ تاہم اب ایک بار پھر انہیں ٹیم میں جگہ بنانے کی فکر پڑ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گال ٹیسٹ میں کین ولیم سن نے بھی تین اوورز کرائے، جو ان کے گلے پڑ گئے ہیں۔ اس سے قبل 2014 میں بھی کین ولیم سن کا بالنگ ایکشن مشکوک ہونے کی وجہ سے رپورٹ ہوا تھا۔