اینٹیگوا: ویسٹ انڈیز کو دو مرتبہ ورلڈ تی ٹوئٹنی کے فائنل میں کامیابی دلوانے والے بلے باز مارلن سیموئلز نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو جونی گریو نے بتایا کہ سیموئلز نے بورڈ کو رواں برس جون میں ہی اپنی ریٹائرمنٹ سے آگاہ کر دیا تھا۔
سیموئلز نے 2018 میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے اپنا آخری بین الاقوامی میچ کھیلا، جبکہ ان کے کیریئر کا اختتام یادگار نہ بن سکا حالانکہ وہ ویسٹ انڈیز کو دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی میں عالمی چمپیئن بنوانے میں اہم کردار ادا کرچکے تھے۔ ویسٹ انڈیز کو بڑے میچز میں فتح دلوانے والے بلے باز نے 2012 میں سری لنکا کے خلاف ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں کولمبو میں 56 گیندوں پر 78 رنز بنائے تھے، جس میں 3 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں انتہائی مشکل وکٹ پر مارلن سیموئلز کی اننگز مختصر طرز کی کرکٹ کی بہترین اننگز میں شمار ہوتی ہے۔ اس عمدہ کارکردگی پر انہیں ورلڈ کپ فائنل میں مین آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔
سیموئلز نے 4 برس بعد تاریخ دہراتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں 66 گیندوں پر 85 رنز بنائے تھے اور ویسٹ انڈیز کو دوسری مرتبہ مختصر طرز کی کرکٹ میں عالمی چمپیئن بنوایا تھا۔ یوں مارلن سیموئلز نے ورلڈ کپ فائنل میں دو مرتبہ بہترین کھلاڑی بننے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا تھا۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 15 دسمبر 2000 کو آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ میں کیا اور 21 برس کی عمر میں ایڈن گارڈنز میں پہلی سنچری بنائی۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 7 سنچریوں اور 24 نصف سنچریوں کی مدد سے 3 ہزار 917 رنز بنائے اور آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ون ڈے میں سیموئلز نے 32.97 کی اوسط سے رنز بنائے اور 207 میچوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی۔
انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 10 سنچریوں اور 30 نصف سنچریوں کی مدد سے 5 ہزار 606 رنز اور 89 وکٹیں اپنے نام کیں۔ ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی میں دو مرتبہ عالمی چمپیئن بنوانے والے سیموئلز نے مختصر طرز کرکٹ میں مجموعی طور پر 67 میچ کھیلے۔