کراچی: پاکستان کے امپائر علیم ڈار نے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان جاری سیریز کے دوران ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 210 میچوں میں امپائرنگ کا ریکارڈ قائم کر لیا۔ ٹوئٹر پر آئی سی سی نے علیم ڈار کو مبارک باد دیتے ہوئے سب سے زیادہ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والوں کے نام جاری کیے۔
آئی سی سی کے مطابق علیم ڈار نے سب سے زیادہ 210 میچوں میں امپائرنگ کی، دوسرے نمبر پر روڈی کوئٹزن ہیں، جنہوں نے 209 میچوں میں امپائرنگ کی۔ نیوزی لینڈ کے بلی باؤڈن 200 میچوں کے ساتھ تیسرے اور ویسٹ انڈیز کے مشہور امپائر اسٹیو بکنر 181 میچوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ عالمی شہریت یافتہ آسٹریلیا کے سائمن ٹوفل اور ڈیرل ہارپر 174 میچوں میں امپائرنگ کرکے مشترکہ طور پر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی اپنی ٹوئٹ میں علیم ڈار کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ تین مرتبہ آئی سی سی کے سال کے بہترین امپائر کو سب سے زیادہ ون ڈے میچوں کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے پر پی سی بی مبارک باد دیتا ہے۔
اس کے جواب میں ویڈیو بیان میں علیم ڈار نے کہا کہ 210 ون ڈے میچ سپروائز کرنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں پی سی بی، آئی سی سی، اپنے دوستوں اور ساتھیوں اور تمام میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ میری ہر کامیابی کو سامنے لاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس موقع پر اپنے والدین کی کمی محسوس ہو رہی ہے جبکہ میں اپنے اہل خانہ اور خاندان کا شکریہ ادا کروں گا کیونکہ ان کے تعاون کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہیں تھی۔ میں اپنی تمام کامیابیاں اپنے والدین کے نام کرتا ہوں۔