راولپنڈی: پاکستان کے فاسٹ بالر عمر گل نے ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے 47 ٹیسٹ، 130 ون ڈے اور 60 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر رکھی ہے۔
36 سال کی عمر میں کرکٹ کو الوداع کہنے والے عمر گل نے قومی ٹی ٹوئنٹی میں آخری بار بلوچستان کی نمائندگی کی۔ عمر گل کو میچ کے اختتام پر بلوچستان اور پنجاب کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
میچ کے بعد گفتگو کے دوران ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمر گل کئی بار آبدیدہ ہوئے اور اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ چھوڑنا نہیں چاہتے تھے لیکن ایک دن سب نے جانا ہے ، یہ ایک مرحلہ ہے جس سے سب کو گزرنا ہوتا ہے۔
بعدازاں ٹوئٹر پیغام میں عمر گل نے لکھا کہ بہت سوچ سمجھ کر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔ ہمیشہ پاکستان کے لئے دل سے کھیلا اور اپنی100 فیصد کارکردگی دی۔ کرکٹ ہمیشہ سے میری محبت اور جنون ہے اور رہے گا۔ عمر گل نے پیغام کے ذریعے پاکستان کرکٹ بورڈ، کوچز اور اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران ساتھ رہنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ فاسٹ بالر نے خصوصی طور پر میڈیا اور اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
عمر گل نے 47 ٹیسٹ میچوں میں 163 ، 130 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 179 اور 60 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں 85 وکٹس حاصل کی ہیں۔ انہوں نے بنگلادیش کیخلاف اگست 2003 میں پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جبکہ انہوں نے پہلا انٹرنیشنل ون ڈے میچ زمبابوے کے خلاف اپریل 2003 میں کھیلا تھا۔