واشنگٹن: امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ڈونالڈ ٹرمپ اور جو بائیڈن کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔ تاہم صدر ٹرمپ نے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات لگا دیئے ہیں اور کہا کہ اب تک ووٹنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ لاکھوں ووٹوں کی گنتی کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹرمپ اب تک 23 ریاستوں میں برتری حاصل کر چکے ہیں۔ ان میں ٹیکساس، اوہائیو اور فلوریڈا شامل ہیں۔ ٹرمپ نے رائے شماری کے جائزوں کے برعکس بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔
امریکہ میں صدر کا انتخاب عوامی ووٹ کے ذریعے چنے گئے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد پر ہوتا ہے۔ جو بائیڈن 224 الیکٹورل ووٹ حاصل کر چکے ہیں جب کہ ٹرمپ نے 213 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیے ہیں۔ کسی بھی امیدوار کو کامیابی کے لیے 538 میں سے 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں۔
مختلف ذرائع کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اب تک فلوریڈا، اوہائیو، کینٹکی، کنساس، لوئزیانا، انڈیانا، ویسٹ ورجینینا، ساؤتھ کیرولائنا، ایڈاہو، الاباما، میسیسپی، ٹینیسی، اوکلوہاما، آرکانزاس، ساؤتھ ڈاکوٹا، نارتھ ڈاکوٹا، میزوری، نبراسکا، آئیووا اور مونٹانا میں جیت چکے ہیں۔
ٹرمپ کے حریف جو بائیڈن امریکی ریاستمین، ہوائی، مینیسوٹا، کولوراڈو، نیو میکسیکو، کیلیفورنیا، نیو ہیمشائر، اوریگان، ورمونٹ، ورجینیا، واشنگٹن، روڈ آئی لینڈ، نیو یارک، نیو جرسی، ماسیچیوسٹس، میری لینڈ، الینوائے، ڈیلاویئر، کنیکٹیکٹ اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا جیت چکے ہیں۔
امریکی الیکشن پراجیکٹ کے ابتدائی اندازوں کے مطابق رواں سال صدارتی انتخاب میں 16 کروڑ امریکی شہریوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔ ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 1990ء سے لے کر اب تک کا ٹرن آؤٹ سب سے زیادہ 66.9 فیصد ہے۔ 1990ء کے انتخاب میں رپبلکن امیدوار ویلیئم میکنلے نے اپنے ڈیموکریٹ حریف ویلیئم جیننگز کو 73.7 فیصد ووٹر ٹرن آؤٹ کے نتیجے میں شکست دی تھی لیکن حالیہ انتخاب کے برعکس 1990ء کے نتائج کافی واضح تھے۔