راولپنڈی: زمبابوے نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد میزبان پاکستان کو شکست دے دی۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے 3 میچوں کی سیریز کے آخری میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا، سپر اوور میں پاکستان ٹیم مہمان ٹیم کو صرف 3 رنز کا ہدف دے سکی جسے زمبابوے نے آسانی سے پورا کرلیا۔
مہمان ٹیم کی فتح کے ساتھ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا اختتام پاکستان کی 1-2 برتری سے ہوا۔ اس سے قبل تیسرے اور آخری ون ڈے میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے۔
زمبابوے کے سین ولیمز نے سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 118 رنز کی نا قابل شکست اننگز کھیلی۔ قومی ٹیم کی طرف سے محمد حسنین نے اپنے کیرئیر کی شاندار بولنگ کی اور 10 اوور میں 26 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
مہمان ٹیم کے 278 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کو ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور اوپنر امام الحق پہلے ہی اوور میں 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ دوسرے اوپنر فخر زمان بھی دوسرے ہی اوور میں آؤٹ ہوگئے۔ نوجوان بلے باز حیدر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس دوران قومی ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں تاہم کپتان بابر اعظم وکٹ پر جمے رہے اور انہوں نے شاندار 125 رنز کی اننگز کھیلی تاہم 49 اوور میں ٹیم کو فتح کے قریب لا کر وہ بھی ہمت ہار گئے اور آؤٹ ہوگئے۔ آخری اوور میں ٹیم کو 8 رنز درکار تھے جب کہ میچ اس وقت دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا جب آخری گیند پر جیت کے لیے 5 رنز درکار تھے، ایسے فاسٹ بولر موسیٰ خان نے میچ کی آخری گیند پر چوکا لگا کر مقابلہ برابر کردیا۔
میچ کا فیصلہ کرنے کے لیے سپر اوور کرایا گیا جس میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے صرف 2 رنز بنائے جسے زمبابوے نے باآسانی پورا کرلیا۔ زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزربانی نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کی۔