راولپنڈی: پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو شکست دیکر تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔ زمبابوے نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں میزبان ٹیم کو جیت کیلئے 130 رنز کا ہدف دیا جو کہ گرین شرٹس نے 16 ویں اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔
راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھلیے گئے میچ میں زمبابوے کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے کی جانب سے اننگز کا آغازبرینڈن ٹیلر اور چی بابھا نے کیا جو مایوس کن رہا اور ٹیلر 8 رنز بناکر عماد وسیم کا شکار بن گئے۔
لیگ اسپنر عثمان قادر اور عماد وسیم کی شاندار بولنگ کی بدولت مہمان ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بناسکی۔ گرین شرٹس کی جانب سے اسپنر عثمان قادر نے 13 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
زمبابوے کے 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے کیا اور ٹیم کو 39 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ حیدر علی نے 27 رنز بنائے۔
اس کے بعد آنے والے خوشدل شاہ نے جارحانہ انداز اپنایا اور 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ عبداللہ شفیق بھی 41 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
عبداللہ شفیق اور خوشدل شاہ کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے ہدف 16 ویں اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا اور یوں تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔
اس فتح کے ساتھ ہی گرین شرٹس نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔ پاکستان کے لیگ اسپنر عثمان قادر کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔