کراچی: تاجر برادری کی جانب سے کاروبار جلد بند نہ کرنے کے موقف کو سندھ حکومت نے مان لیا۔ شہر میں اب کاروبار کرنے کے اوقات مزید 2 گھنٹے بڑھا دیئے گئے۔ سندھ حکومت نے تاجروں کو مارکیٹ رات 8 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔
سندھ حکومت نے تاجروں کا مطالبہ منظور کرتے ہوئے کاروبار شام چھ بجے کے بجائے 8 بجے تک کھولنے کی اجازت دی ہے۔ ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ امید ہے مارکیٹ ایسوسی ایشن ایس او پیز پر عمل کرائیں گے۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر نئی ایس او پیز جاری کی تھیں جس کے تحت کاروباری مراکز صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کھولنے کا کہا گیا تھا لیکن تاجروں نے یہ اوقات مسترد کردیئے تھے۔
تاجر برادری نے حکومتی فیصلے کو ناقابل عمل قرار دے دیتے ہوئے کہا تھا ہے کہ کورونا وائرس کے نتیجے میں چند ماہ قبل ہونے والے لاک ڈاؤن میں انہیں بہت نقصان اٹھانا پڑا۔ اس وقت بھی ملکی معیشت کی حالت انتہائی خراب ہے، لہٰذا کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر کاروباری مراکز شام 6 بجے بند نہیں کریں گے۔