کولمبو: سری لنکا نے اپنی ٹی 20 لیگ کیلئے نظر ثانی شدہ شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے تحت اب ٹورنامنٹ 27 نومبر سے شروع ہوگا۔ لیگ میں پاکستان، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے کئی نامور کھلاڑی شرکت کریں گے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے لنکا پریمیئر لیگ کا انعقاد تیسری بار مؤخر کردیا گیا۔ جبکہ ایونٹ کے وینیوز کی تعداد تین سے کم کرکے ایک کردی گئی ہے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایونٹ کا انعقاد 21 نومبر سے ہونا تھا جس میں کرس گیل، فاف ڈوپلیسی، شاہد آفریدی اور کارلوس براتھ ویٹ سمیت دیگر نامور کھلاڑی شرکت کریں گے، تاہم اب ایونٹ کو مزید 6 دن آگے بڑھا دیا گیا ہے۔
لنکن بورڈ کا کہنا ہے کہ اب لیگ خالی اسٹیڈیم میں 27 نومبر سے شروع ہوگئی اور 17 دسمبر کو اس کا فائنل ہوگا جبکہ سارے میچز ہمبنٹوٹا میں ہی کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ لنکا پریمیئر لیگ کا انعقاد رواں برس اگست میں ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے لیگ کو 14 اور پھر 21 نومبر تک مؤخر کردیا گیا تھا۔