پشاور: اسٹار کرکٹرز کو اعزازی عہدوں سے نوارنے کی روایت جنوبی ایشیا میں کرکٹ کے کھیل سے والہانہ محبت کا ثبوت ہے۔ گزشتہ دنوں پاکستان کے بہترین فاسٹ بالر کو خیبر پختون پولیس نے بڑے اعزاز سے نوازا۔
شاہین شاہ آفریدی خیبر پختون پولیس نے اپنا خیر سگالی سفیر اور اعزازی ڈی ایس پی بھی مقرر کیا۔ پشاور میں ہونے والی تقریب میں شاہین آفریدی نے خیبرپختون پولیس کی وردی پہنی۔ انہیں چیف سیکریٹری کے پی نے اعزازی ڈی ایس پی کے بیجز لگائے۔
تقریب میں آئی جی خیبرپختون پولیس معظم جاہ انصاری اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ جبکہ کرکٹر فخر زمان بھی تقریب میں موجود تھے۔ اس موقع پر شاہین آفریدی نے کہا کہ میرے والد بھی 25 سال تک پولیس فورس کا حصہ رہے۔ بہادر پولیس فورس نے بہت قربانیاں دیں۔ اصلی ہیرو ہماری فورسز ہیں۔
انہوں نے کہا ہمارے گھر پر بھی دو مرتبہ بم دھماکے ہوئے۔ ملک کی خاطر ہر قسم کی قربانی دیں گے۔ واضح رہے کہ شاہین آفریدی نے ورلڈ کپ میچ میں بھارتی بیٹنگ کے برخچے اڑا کر قوم کے دل جیت لئے تھے۔ وہ، محمد رضوان اور بابر اعظم اس عظیم فتح پر پاکستان میں ہیرو کی حیثیت رکھتے ہیں۔
ایسی مثالیں برصغیر میں درجنوں کے حساب سے پائی جاتی ہیں کہ جہاں پاکستانی، بھارتی، سری لنکن اور بنگلہ دیشی کرکٹرز کو ملک کیلئے خدمات دینے کے اعتراف میں مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔
چند برس قبل بھارت کے سب سے کامیاب کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو بھارتی فوج میں اعزازی لیفٹننٹ کرنل کا عہدہ دیا گیا۔ مہندرا سنگھ دھونی فوج کے علاقائی لیفٹننٹ کرنل کے اعزازی عہدے پر فائز ہیں اور اس منصب پر رہتے ہوئے انہیں پدما بھوشن اعزاز سے نوازا گیا۔
اسی طرح 2015ء کے بعد بنگلہ دیش کے اس وقت کے کپتان مشرفی مرتضیٰ کو بھی کُھلنا پولیس میں اعزازی عہدہ دیا گیا تھا۔ بنگلہ دیشی پولیس اتھارٹیز نے کہا تھا کہ وہ مشرفی مرتضیٰ کی شاندار خدمات پر انہیں عہدے سے نواز رہے ہیں۔
ادھر سری لنکا میں آل راؤنڈر تھسارا پریرا بھی فوج میں میجر کا عہدہ حاصل کر چکے ہیں۔ آل راؤنڈر نے ڈومیسٹک کرکٹ میں سری لنکن آرمی کی نمائندگی بھی کی۔ تھسارا پریرا کو فوج کی گجابا رجمنٹ میں میجر کا عہدہ دیا گیا تھا۔
اس حوالے سے پریرا نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا کہ جنرل شاویندرا سلوا نے مجھے آرمی جوائن کرنے کی دعوت دی تھی۔ میرے لئے ان کی درخواست کو رد کرنا ممکن نہیں تھا۔
واضح رہے کہ سری لنکن فوج اپنی کرکٹ ٹیم پر خصوصی توجہ دیتی ہے اور اس ضمن میں وہ پریرا سے پہلے سابق ٹیسٹ کپتان دنیش چندی مل کی بھی خدمات حاصل کر چکی تھی۔
اس کے برعکس پاکستان کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز فخر زمان باقاعدہ نیوی میں ملازم رہ چکے ہیں۔ تاہم دو برس قبل اسٹار کرکٹر کو نیوی میں اعزازی افسر مقرر کیا گیا۔
دریں اثنا پیر کے روز قومی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی خیبرپختون کے خیر سگالی سفیر مقرر ہو گئے۔