کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر شییخ عمر ریحان نے کہا کہ حالیہ بحران میں معیشت اور عوام کی بہتری کے لیے حکومت آٗئندہ بجٹ میں اپنے اخراجات کم سے کم رکھے، بجٹ کا بڑا حصہ صوبوں کو ملتا ہے ان کا درست استعمال یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر غیر ترقیاتی اخراجات کو کم ترین سطح پر لایا جائے، موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ بجٹ عوام اور تاجر دوست ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے صوبوں کو ملنے والے حصے کا 57.50 عوام کی فلاح و بہبود، بے روزگاری کے خاتمے اور ترجیحی بنیادوں پر صحت و تعلیم کے شعبوں میں استعمال یقینی بنانے کے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
شیخ عمر ریحان نے تجویز پیش کی کہ حکومتی اخراجات کم رکھنے کے لیے اس سال وفاق اور صوبائی سطح پر تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جانا چاہیے۔ صدر کاٹی نے مزید کہا کہ صنعت کار برادری اور بزنس کمیونٹی اس مسلسل اس بات پر زور دیتی چلی آرہی ہے کہ پیداواری لاگت میں کمی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، بار بار حکومت کو آگاہ کرچکے ہیں کہ اب مزید کسی ٹیکس اور اضافی اخراجات کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نےکہا کہ امید کرتے ہیں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صنعتوں اور عوام کو سستی بجلی اور گیس کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔