لاہور: آئندہ ماہ لاہور میں اسموگ کی ممکنہ شدت کی اطلاعات موصول ہونے پر پی سی بی نے کھلاڑیوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور میں شیڈول آئندہ میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کردیا ہے۔ پاکستان اور زمبابوے کے خلاف سیریز میں شامل تینوں ٹی ٹونٹی میچز اب راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ جبکہ سُپر لیگ کے بقیہ چاروں میچز کراچی میں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ ہم گزشتہ چند ہفتوں سے موسم کی بدلتی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے اور جیسے ہی ہمیں لاہور میں آئندہ ماہ اسموگ کی شدت میں اضافے کی معلومات ملیں تو ہم نے کھلاڑیوں کی صحت پر سمجھوتہ کرنے کی بجائے فوری طور پر ان میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی کو افسوس ہے کہ لاہور کو مسلسل دوسری مرتبہ پی ایس ایل 2020 کے پلے آف میچز کی میزبانی نہیں مل رہی, مگر ہمارے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت سب سے عزیز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ زمبابوے کرکٹ اور پی ایس ایل کی فرنچائزز نے ہمارے فیصلے کو تسلیم کیا ہے، اس موقع پر ہم وفاقی اور صوبائی ایجنسیز کے تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں۔