سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ سراج قاسم تیلی، سرپرست زبیر موتی والا اور صدر سلیمان چاؤلہ نے ملکی وعالمی سطح پر تیل کی کم ترین قیمتوں کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان سے بجلی نرخوں میں 30 فیصد تک کمی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک وسیع پیمانے پر تھرمل بجلی پیدا کرتا ہے اب جبکہ پیٹرولیم مصنوعات انتہائی کم قیمتوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں لہٰذا بجلی نرخوں میں نمایاں کمی کرکے تیل کی قیمتوں میں کمی کے فائدہ یقینی طور پر تمام صارفین تک پہنچایا جائے۔
سائٹ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کی ٹیم شاندار حکمت عملی کے ساتھ کرونا وائرس کے باعث درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ حکومت کومعاشی چیلنجز سے نمٹنے کی بھی ضرورت ہے جس کا واحد حل ملک میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے کیونکہ پیداواری لاگت میں بجلی کی لاگت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اس لیے تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی نرخوں میں کمی کر کے صنعتی پیداواری لاگت میں نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اگر حکومت ملک میں باالخصوص کراچی میں صنعتی سرگرمیوں کوفروغ دینے کی خواہاں ہے تو یہ مناسب وقت ہے کہ ملک کے بہتر معاشی مفاد میں کراچی کے صنعتی صارفین پر بجلی کے حد سے زیادہ بوجھ کوکم کیا جائے جس سے صنعتوں کو فروغ حاصل ہوگا اور ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جاسکے گا۔
سراج قاسم تیلی، زبیر موتی والا اور سلیمان چاؤلہ نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ زمینی حقائق کی بنیاد پر ہمارے مطالبے پر غور کریں اور کے الیکٹرکے بجلی نرخوں میں کمی کے فوری احکامات جاری کریں تاکہ کورونا لاک ڈاؤن کے باعث صنعتیں بندش کے نتیجے میں ہونے والے خطیر نقصانات کے بعد اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکیں اور بلارکاوٹ پیداواری سرگرمیاں بحال کی جا سکیں۔