لاہور (سپورٹس رپورٹر)نیو فرینڈز مارشل آرٹس کراٹے سنٹر کے چیف کوچ مہر فیاض فیروز نے کہا ہے کہ کھیل قوت مدافعت میں اضافے کا باعث بنتے ہیں جبکہ مارشل آرٹس کی ٹریننگ سے سیلف ڈیفنس اور فزیکل فٹنس کا حصول ممکن ہوتاہے لہٰذا وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں سکول لیول پر مارشل آرٹس کی ٹریننگ کو لازمی قرار دیں۔گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے نامور مارشل آرٹس کوچ مہر فیاض فیروزنے کہا کہ کھیل کے میدان،
ٹریننگ سنٹرز،کلب،فزیکل فٹنس جم اور پارک انسان کی صحت کے ضامن ہیں لہٰذا کورونا وائرس کے سبب معطل ہونے والی کھیلوں کی سرگرمیاں عید الفطرکے فوری بعد دوبارہ بحال کی جائیں۔انہوں نے کہا ہے کہ کھیل امن،محبت اور دوستی کی علامت ہوتے ہیں، کھیلوں کے مقابلوں سے لوگوں میں پیار، محبت اور دوستی کا جذبہ پروان چڑھتا ہے،کھیل سے انسان ذہنی اور جسمانی دونوں طرح سے فٹ رہتا ہے، گراس روٹ لیول سے کھیلوں کو فروغ دے کراور کھلاڑیوں کی سرپرستی کے عمل کے ذریعے سے صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔نیو فرینڈز مارشل آرٹس کراٹے سنٹر کے چیف کوچ مہر فیاض فیروز نے کہا کہ پاکستانی لڑکیوں کو مارشل آرٹس لازمی سیکھناچاہیے،
موجودہ حالات میں لڑکیوں کو جرات، حوصلہ اور فٹنس کیلئے کراٹے کی تربیت دینی چاہیے، صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے ایک بہترین صحت مند ماں کا ہونا نہایت ضروری ہے اور اس کیلئے کراٹے سمیت مارشل آرٹس کے تمام سٹائلزسے بڑھ کر کوئی تربیت نہیں جوجسمانی و ذہنی تربیت کا ایک نمونہ ہے اگر بچوں کو معاشرے کا بہترین شہری بنانا ہے تو انہیں کراٹے سمیت مارشل آرٹس کے دیگر سٹائلز کو اپنانا ہوگا جو سیلف ڈیفنس کے ساتھ خود اعتمادی اور دوسروں کی عزت کرنے کا ایک عملی نمونہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سپورٹس کلچر کو پروان چڑھاکر نوجوان نسل کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور انہیں فرسٹریشن سے بچا کر ذہنی و جسمانی طور پر مضبوط بناکر معاشرے کا مفید شہری بنانا حکمرانوں سمیت ہماری زندگی کا اہم ترین مشن ہونا چاہئے کیونکہ میں جب کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو ہسپتال ویران ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سپورٹس کلچر پروان چڑھاکر جہاں نوجوان نسل کو کلاشنکوف کلچراورمنشیات کی لعنت سمیت دیگر سماجی برائیوں سے بچایا جا سکتا ہے وہاں کھیلوں کے ذریعے پاکستان کی نوجوان نسل میں ملک سے محبت اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دیا جا سکتاہے۔