نوٹنگھم کے ٹرینٹ برج میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں نے اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز کر دیا ہے، جہاں ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی طرف سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا۔ مگر تیسرے اوور کی آخری گیند پر امام محض 2 رنز بنا کر شلڈن کوٹرل کا شکار بنے۔ یوں 17 رنز پر گرین شرٹس اپنی پہلی وکٹ سے محروم ہوگئے۔
ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے ساز ہے، اگر ابتدائی اوورز نکال لئے تو یہ اچھی بیٹنگ وکٹ ہے۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض اور محمد عامر ٹیم کیلئے اہم کردار ادا کریں گے جبکہ آج کے میچ میں آصف علی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔
قومی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد کے علاوہ فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، حارث سہیل، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم کپتان جیسن ہولڈر، کرس گیل، شے ہوپ، ڈیرن براوو، شمرون ہیٹمیئر، نکولس پورن، اندرے رسل، کارلوس بریتھ ویٹ، ایشلے نرس، شیلڈن کوٹریل اور اوشان تھومس شامل ہیں۔