کراچی: ترسیلات زر کے رجحانات اور امکانات جانچنے کے لیے اسٹیٹ بینک نے سمندر پار پاکستانیوں کا سروے شروع کردیا۔ اس سروے میں اوور سیز پاکستانیز آئندہ برس جنوری میں ایک آن لائن لنک کے ذریعے سے حصہ لے سکیں گے۔
اسٹیٹ بینک نے وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی شراکت سے ترسیلات زر کے حالیہ رجحانات اور مستقبل کے منظر نامے کا تجزیہ کرنے کی غرض سے سمندر پار پاکستانیوں کا ایک سروے شروع کیا ہے۔
یہ سروے 9 جنوری 2021ء تک تمام سمندر پار پاکستانیوں کو دستیاب ہوگا۔ سروے میں ان مضمر عوامل کو جانچنے کی کوشش کی گئی ہے، جو ترسیلات زر کے حالیہ برتاؤ پر اثر انداز ہوئے۔ جن میں غیررسمی سے باضابطہ چینلز کی طرف لوگوں کا آنا، بینکوں کی عمارات میں جانے کے بجائے ڈجیٹل پلیٹ فارمز کا اختیار کرنا، مستقبل میں پاکستان واپس آنے کے منصوبے نیز اگلے چھ ماہ کے دوران متوقع طور پر بھیجی جانے والی ترسیلات زر کی رقم شامل ہیں۔
وزارت سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی، وزارت تجارت، وزارت خارجہ امور اور پاکستان ریمی ٹنس انیشیٹو (PRI) کی مدد سے یہ سروے پاکستانی قونصل خانوں اور سفارت خانوں، پاکستانی بینکوں کی سمندر پار برانچوں نیز آن لائن کیا جارہا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات سمندرپار پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ اس مختصر آن لائن سروے میں شریک ہوں۔