پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) کے چیئرمین و سابق ڈائریکٹر کراچی اسٹاک ایکسچینج امین یوسف بالاگام والانے کرونا کی مہلک وبا سے ہونے والی معاشی تباہ کاریوں اور سنگین کاروباری نقصانات کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ صنعتی خام مال کے کمرشل امپورٹرز کوفکسڈ ٹیکس ریجم میں بحال کیا جائے اور ملک کے بہتر ترین معاشی مفاد میں ایس آر او 1125 کو بھی دوبارہ بحال کیا جائے تاکہ تجارت وصنعت کو مکمل تباہی سے بچایا جاسکے۔
امین یوسف بالا گام والا نے وزیراعظم سے اپیل میں کہاکہ کرونالاک ڈاؤن اور سنگین معاشی بحران کے نتیجے میں کمرشل امپورٹرز کا کاروبار تباہ ہو گیاہے اور انہیں سرمائے کی شدید کمی کا سامنا ہے۔کرونا کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاک ڈاؤن اور ملکی صنعتوں و مارکیٹوں کی بندش کے باعث کمرشل امپورٹرز کا سرمایہ پھنس کر رہ گیا ہے اوراب صورتحال اس نہج پر پہنچ گئی ہے کہ کمرشل امپورٹرز کے پاس خام مال کی درآمد بحال کرنے کے لیے سرمایہ بھی نہیں جس سے ملکی صنعتوں باالخصوص معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کی حامل ٹیکسٹائل انڈسٹری اور برآمدی صنعتوں کو طلب کے مطابق خام مال کی فراہمی ممکن نہیں ہوسکے گی اور اگر خام مال کی قلت پیدا ہوئی تو برآمدی صنعتوں کی پیدواری سرگرمیاں بھی رکاوٹ کا شکار ہوں گی جس کے ملک کی برآمدات پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے جو کہ پہلے ہی سنگین بحرانوں کا شکار ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت کا صرف گنے چنے شعبوں کو ریلیف دینا تاجربرادری کے لیے تشویش کا باعث ہے بلکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ موجودہ غیرمعمولی حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے تمام شعبوں کو یکساں بنیاد پر ریلیف دے کیونکہ معاشی استحکام اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے میں فرد واحد نہیں بلکہ سب کا کردار ہوتا ہے لہٰذا برآمدی شعبہ ہو یا درآمدی، حکومت بلاتفریق ریلیف دے تاکہ کرونا سے متاثرہ کاروبار و صنعتیں دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہوسکیں۔
امین یوسف بالاگام والانے وزیراعظم سے غیر رجسٹرڈ افراد کو مال کی فروخت پر شناختی کارڈ کی شرط کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اگرکمرشل امپورٹرز کو فوری طور پر ریلیف نہ دیا گیا تو وہ اپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور جائیں گے لہٰذا شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنے اور ایس آر او 1125 بحال کرنے کے علاوہ کمرشل امپورٹرز کو فکسڈ ٹیکس ریجم میں بحال کیا جائے جوکہ تجارت و صنعت کو تباہ ہونے سے بچانے کا واحد راستہ ہے۔انہوں نے صنعتوں کو بلاتعطل خام مال کی سپلائی کے لیے پیٹرول پمپس24 گھنٹے کھلے رکھنے کی بھی درخواست کی اور وزیراعظم سے یہ اپیل بھی کی کہ ہفتہ میں 6 روز کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ کرونا لاک ڈاؤن سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ ہوسکے۔