لاہور: جنوبی افریقہ نے 14 برس بعد دورہ پاکستان اعلان کردیا ہے، جس میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔ شیڈول کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں ی سیریز کھیلی جائے گی جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہوگی۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی 4-8 فروری تک راولپنڈی کرے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 11، 13 اور 14 فروری کو تین ٹی20 میچوں کی سیریز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
واضح رہے کہ یہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کا 2007 کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا، جہاں پروٹیز نے کراچی ٹیسٹ میچ میں 160 رنز سے کامیابی سمیٹ کر سیریز بھی 0-1 سے اپنے نام کر لی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہا کہ جنوبی افریقہ نے پاکستان کے تین مختلف شہروں میں میچز کھلینے پر رضامندی ظاہر کی ہے جو پاکستانی شائقین کے لیے خوش آئند خبر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ پاکستان 2021 کا آغاز جنوبی افریقہ کی میزبانی سے کرے گا اور اسی سال ہمیں ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی میزبانی بھی کرنی ہے۔