لاہور: پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، جس میں شان مسعود، محمد عباس، حارث سہیل اور نسیم شاہ سمیت نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں شامل نہیں ہیں۔ جبکہ 9 نئے کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جو بھی سلیکشن کریں گے تو کوشش کریں گے کھلاڑی کو معلوم ہو کہ اس کا ٹیم میں یا کردار ہے اور ہماری موجودہ ٹیم میں کس طرح کی بیٹنگ درکار ہے۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کو ہوم سیریز کے لیے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا اور اس کی جگہ پہلی مرتبہ بطور چیف سلیکٹر ٹیم منتخب کرنے والے محمد وسیم نے ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی دکھانے والوں کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
پاکستان نے دورہ نیوزی لینڈ پر قومی ٹیم کا حصہ بننے والی نسیم شاہ، محمد عباس، حارث سہیل، امام الحق، ظفر گوہر اور شان مسعود اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے گئے 9 کھلاڑی ایسے ہیں جو اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکے۔ان 9 نئے کھلاڑیوں میں اوپنرز عبداللہ شفیق اور عمران بٹ کے علاوہ مڈل آرڈر بیٹسمین کامران غلام، سلمان علی آغا اور سعود شکیل سمیت اسپنرز نعمان علی، ساجد خان، فاسٹ باؤلرز تابش خان اور حارث رؤف شامل ہیں۔
قومی ٹیم بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان)، عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، فواد عالم، سرفرازاحمد، فہیم اشرف، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، عبداللہ شفیق، آغا سلمان، سعود شکیل، کامران غلام، محمد نواز، نعمان علی، ساجد خان، حسن علی، حارث رؤف اور تابش خان پر مشتمل ہے۔
محمد وسیم نے کہا کہ یہ ہمارا 20 رکنی اسکواڈ ہے جو بائیو سیکیور ببل کا حصہ ہو گا اور ٹیسٹ سیریز سے قبل 16رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا اور وہ کھلاڑی ڈریسنگ روم کا حصہ ہوں گے۔
شان مسعود کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محمد وسیم نے کہا کہ اوپننگ بلے باز نے ماضی میں رنز کیے ہیں لیکن موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے ان کے جو مسائل چل رہے ہیں، اس کو دیکھتے ہوئے ہم نے انہیں ٹیسٹ کرکٹ سے وقفہ دینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان کے اعدادوشمار بھی زیادہ اطمینان بخش نہیں ہیں۔