کراچی: جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے آئندہ ماہ پاکستان آنا ہے۔ تاہم کورونا کی دوسری لہر کے تناظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو خدشہ ہے کہ 12 برس بعد ہونے والا یہ دورہ کھٹائی میں نہ پڑجائے۔ اس ضمن میں امکان ہے کہ مہمان کھلاڑیوں کیلئے کورونا ایس او پیز میں نرمی کر دی جائے گی اور قرنطینہ کا دورانیہ برائے نام ہوگا، جس کے دوران کھلاڑی ایک یا دو روز آرام کریں گے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع برنی کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ نے12 برس کے بعد اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے شیڈول بھیجنے میں تاخیر ضرور ہوئی لیکن جنوبی افریقہ کا دورہ پاکستان شیڈول کے مطابق ہوگا، جس میں 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔ ٹیسٹ سیریز افتتاحی آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چیمپئین شپ کا حصہ ہوگی۔
سمیع برنی نے کہا کہ کورونا سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہے، اسی تناظر میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز منسوخ کی گئی، بظاہر کوئی وجہ نہیں کہ جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم پاکستان نہ آئے۔ تاہم مستقبل میں سیریز ملتوی ہوجائے تو کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے آخری مرتبہ اکتوبر 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔