کراچی: ملک بھر میں سال 2021 کی پہلی انسداد پولیو مہم کا آغاز پیر سے ہو چکا ہے۔ یہ دنیا میں رواں برس کی پہلی انسداد پولیو مہم ہے اور پاکستان کو امید ہے کہ رواں برس اس بیماری کا ملک سے خاتمہ کر دیا جائے گا۔ مہم میں 2 لاکھ 85 ہزار ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔ پانچ روزہ مہم میں 4 کروڑ سے زائد بچوں کو ویکسین پلائی جائے گی۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ویکسین سے بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوگا، حکومت ملک کو پولیو سے پاک بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ والدین سمیت تمام مکتبہ فکر مہم کی کامیابی یقینی بنائیں۔
وآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی سنٹر کا کہنا تھا کہ 2020 میں حاصل کی گئی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھیں گے، سال 2021 میں وائرس پر قابو پانے کیلئے بہترین نتائج کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ہمسایہ ملک افغانستان دنیا کے دو ایسے ملک باقی رہ ہیں، جو ابھی تک پولیو فری نہیں ہو سکے ہیں۔ دونوں ممالک میں کسی نہ کسی وجہ سے پولیو مہم ناکام رہی ہے، جس کی وجہ غیر ملکی ادارے سیکورٹی کو قرار دیتے ہیں۔ نائیجیریا کو گزشتہ برس پولیو فری قرار دے دیا گیا تھا۔