کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاؤن میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 11 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بتایا ہے کہ زخمیوں میں 2 پولیس اہلکاروں اور 7 شہری شامل ہیں۔ دھماکے کے بعد زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ پولیس موبائل سمیت متعدد گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ الہدیٰ مسجد کے قریب نماز تراویح کے دوران ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا۔ ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے تصدیق کی ہے کہ منی مارکیٹ دھماکے میں پولیس کے 4 اہلکار شہید ہوئے ہیں۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل پر نصب تھا، دہشت گردوں کا نشانہ پولیس اہلکار ہی تھے، کرائم سین کو محفوظ کرلیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ گھناؤنی سازش کےتحت امن کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، عدم استحکام پیدا کرنے والوں کا مقابلہ پوری طاقت سے کیا جائے گا۔
۔