لاہور (سپورٹس رپورٹر)پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن نے فیصل آباد ڈویژن باکسنگ ایسوسی ایشن کے الیکشن کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دے کر مسترد کر دیا ہے اور جلد ہی فیصل آباد سمیت پنجاب کے تمام 9 ڈویژنل باکسنگ ایسوسی ایشنز کے انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل و سابق انٹرنیشنل باکسر شرجیل ضیاء بٹ کا کہنا ہے
کہ فیصل آباد ڈویژن باکسنگ ایسوسی ایشن کے بیس جون کو منعقد ہونے والے الیکشن جس میں لیفٹیننٹ کرنل (ر)ناصر اعجازتنگ صدر اور طاہر ایوب جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے تھے غیر آئینی اور غیر قانونی ہیں کیونکہ فیصل آباد ڈویژن باکسنگ ایسوسی ایشن نے الیکشن کی پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کو کوئی تحریری اطلاع نہیں دی اورآئینی طور پر الیکشن طریقہ کار پر عمل بھی نہیں کیا گیا
لہٰذا پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن اس نام نہاد الیکشن کو تسلیم نہیں کرتی۔پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل شرجیل ضیاء بٹ نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل لیفٹیننٹ کرنل (ر)ناصر اعجازتنگ کو تنبیہ کی ہے کہ وہ پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے کام میں مداخلت نہ کریں۔
شرجیل ضیاء بٹ کا کہنا تھا کہ میں بحیثیت سیکریٹری جنرل اور چیف ایگزیکٹیو پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کسی غیر متعلقہ شخص یا غیر مجاز ایسوسی ایشن کی مداخلت کو ہرگز برداشت نہیں کروں گا اور باکسنگ کے کھیل کو گندی سیاست کے ذریعے تباہ کرنے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔شرجیل ضیاء بٹ نے پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر خالد محمود سے درخواست کی ہے کہ وہ مکمل غیر جانداری کے ساتھ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پنجاب کی باکسنگ کو بچائیں اور ساتھ ہی لیفٹیننٹ کرنل (ر)ناصر اعجازتنگ سے پوچھا کہ وہ پاکستان آرمی سے تو ریٹائر ڈہوچکے ہیں اور اب وہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن میں کس ادارے کی نمائندگی کررہے ہیں۔