لاہور/ کوئٹہ: پی ٹی آئی حکومت سے نجات حاصل کرنے کیلئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جدوجہد آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے مختلف آپشنز استعمال کرنے کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے استعفے قیادت کو جمع کرانا شروع دیئے۔
ذرائع کے مطابق لاہور سے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر اور رکن صوبائی اسمبلی سیف کھوکھر نے قیادت کو استعفے جمع کرادیئے جب کہ سرگودھا سے ایم این اے رانا منور غوث نے بھی اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو دے دیا ہے۔ ذرائع کاکہنا ہےکہ بصیر پور سے ایم پی اے افتخار چھچھر نے بھی استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھیج دیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ایم این اے اور ایم پی اے نے استعفے بھیجنا شروع کردیے ہیں البتہ پارٹی کی جانب سے ابھی استعفے طلب نہیں کئے گئے۔
ادھر بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اگر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے استعفے دینے کا فیصلہ کیا تو ان کی جماعت اسمبلیاں چھوڑنے میں ہچکچاہٹ کا شکار نہیں ہوگی۔ مزید یہ کہ جو فیصلے پی ڈی ایم کرے گی اس کا ساتھ دیں گے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اہم اجلاس آج کو ہوگا جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے جب کہ اپوزیشن رہنما متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ اسمبلیوں سے استعفوں کا آپش بھی زیر غور ہے، کہا جارہا ہے کہ 13 دسمبر کو لاہور جلسے میں اہم اعلان کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس جلسے سے پہلے ہی گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے لاہور مختلف علاقوں میں ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کیخلاف اب آر پار ہوگا۔ لہٰذا 13 دسمبر کو لاہور میں ہونے والا جلسہ حکومت کیلئے خوف کی علامت بن گیا ہے۔