کراچی: عالمی وبا، میچوں کے شیڈول اور تمام اتار چڑھاؤ کے بعد بالآخر پاکستان سپُر لیگ ایڈیشن فائیو خیریت کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچنے والا ہے۔ ٹورنامنٹ میں اب آخری مقابلہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کا رہ گیا ہے، جو انتہائی ہائی وولٹیج میچ کی حیثیت رکھتا ہے۔
کراچی اور لاہور دونوں ٹیموں نے ہی ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم ملتان ملتانز کو پے در پے دو شکستوں کے ذریعے ایونٹ سے باہر کر دیا۔ اور دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پہلی بار پی ایس ایل فائنل میں پہنچی ہیں۔
ملکی سطح کی کرکٹ کے سب سے بڑے حریفوں یعنی کراچی اور لاہور کے درمیان ہائی وولٹیج فائنل ٹاکرا آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اس جنگ کا آغاز رات 8 بجے ہوگا۔ وننگ مومنٹم کے سبب قلندرز کو ایڈوانٹیج حاصل ہے۔ الیمنیٹر ون میں اس نے پشاور زلمی کا ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہرایا۔ اور الیمنیٹر ٹو میں ملتان سلطانز کو بآسانی 25 رنز سے ہرا کر خود کو فائنل کیلئے ماحول گرما دیا۔
ادھر کراچی کی ٹیم ملتانز سلطانز کو واحد کوالیفائر میں سُپر اوور میں شکست دے کر فائنل تک رسائی میں کامیاب رہی۔ فائنل میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان انتہائی اعصاب شکن مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
وننگ مومینٹم لاہور قلندرز کے ساتھ ہے تو کراچی کے بھی 3 ”کی پلیئرز“ کسی بھی وقت بازی پلٹ سکتے ہیں۔ ان میں شرجیل خان، بابر اعظم اور محد عامر شامل ہیں۔ جبکہ کپتان عماد وسیم بھی ڈیتھ اوورز میں اعصاب کو قابو میں رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
لاہور کا ہتھیار ان کے آل راؤنڈرز اور فاسٹ بالر ہیں۔ ان کے اہم کھلاڑی محمد حفیظ، ڈیوڈ ویزے، بین ڈنک، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف ہیں۔ فاسٹ بالر حارث رؤف کی 2020ء میں 50 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں مکمل ہوگئی ہیں۔ جس کے ساتھ ہی وہ اس فارمیٹ میں رواں برس سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالر بھی بن گئے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ہونے والے مقابلوں کا جائزہ لیا جائے تو بھی کراچی کنگز کا پلڑا بھاری ہے۔ قلندرز اور کنگز کے درمیان 10 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 6 میں کراچی اور 4 میں لاہور نے کامیابی حاصل کی۔ پی ایس ایل کے پہلے سیزن میں کراچی نے لاہور کو دونوں میچ ہرائے تھے جبکہ دیگر سیزن میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف دو دو میچز کھیلے اور ایک ایک جیتا۔