کراچی: پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کا تاج کراچی کنگز کے سر سج گیا۔ لاہور قلندرز فائنل میں پُر اعتماد کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے، جس کی بدولت کنگز کے چیمپئن بننے کا سفر آسان ہوگیا۔ یوں بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر پہلی بار ایونٹ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔
پی ایس ایل فائیو کا ڈریم فائنل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں روایتی حریف لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا گیا۔ لاہور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کراچی کو جیت کیلئے 135 رنز کا ہدف دیا جو کراچی نے 18.4 اوورز میں بآسانی 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بابر اعظم نے ایک بار پھر نصف سنچری کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔ لاہور نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے، تمیم اقبال 35 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ کراچی کی جانب سے وقاص مقصود ، ارشد اقبال اور عمید آصف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا اور پہلی وکٹ پر 23 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس موقع پر شرجیل خان 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد ایلکس ہیلز 11 اور چیڈوک والٹن 22 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ افتخار احمد 4 اور شیرفین ردرفورڈ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان عماد وسیم اور بابر اعظم نے مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا۔
بابر اعظم 63 اور عماد وسیم 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ لاہور کی جانب سے حارث رؤف اور دلبر حسین نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بابراعظم کو بہترین بیٹسمین اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا، شاہین شاہ آفریدی بہترین بالر قرار پائے جبکہ فخر زمان کو بہترین فیلڈر کا اعزاز ملا۔