لاہور: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل ملک کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) نے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے اپنے ارکان اسمبلی سے دو روز میں استعفے مانگ لئے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے اتحاد میں شامل جماعتوں کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان کو 31 دسمبر تک پارٹی قیادت کے پاس استعفے جمع کرانے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ تاہم ن لیگ نے اس ڈیڈ لائن میں کمی کردی اور ارکان اسمبلی کو اگلے 8 دن کے بجائے صرف 2 دن کی مہلت دے دی۔
ن لیگ نے ارکان کو 31 دسمبر کے بجائے 23 دسمبر تک استعفے جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ ادھر ن لیگ پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے بتایا ہے کہ حمزہ شہباز نے اپنا استفعیٰ لکھ دیا ہے۔ اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی کے استعفے کی کاپی کل جاری کی جائے گی۔
پنجاب اسمبلی سے استعفے جمع کرانے کیلئے 15 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ جبکہ ن لیگی ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز بھی اپنا استعفیٰ پارٹی کے سینیئر رکن کو دیں گے۔ وہ ان دنوں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں۔