اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نائب صدر (ن) لیگ مریم نواز نے فیصلے سے پارلیمانی پارٹی کو آگاہ کردیا ہے، جبکہ پارلیمانی پارٹی ارکان نے فیصلے کی حمایت کی ہے۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو قومی اور عوامی ایشوز پر ٹف ٹائم دیا جائے گا، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے جب کہ پارلیمان میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ استعفوں کا فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی اور پی ڈی ایم کا فیصلہ تمام جماعتیں تسلیم کریں گی، حکومت سے اب کوئی بات نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگی ارکان ثابت قدم پر شاباشی کے مستحق ہیں، ن لیگ کے شیروں کو کوئی ڈرا نہیں سکتا جب کہ راتوں رات پارٹیاں بنانے اور وفاداریاں بدلنے کا وقت گزر گیا۔
قبل ازیں پارلیمنٹ ہاؤس میں ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پارلیمانی پارٹی کے لیے میاں نواز شریف کا خاص پیغام لائی ہوں، جو یہ ہے کہ حکومت مکمل ناکام ہو چکی، اپوزیشن کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں۔