کراچی: چمڑے کی صنعت سے وابستہ ایکسپورٹر ز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ صنعتکار ملکی برآمدات کو بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔ یہ بات وفاقی مشیر تجارت رزاق داؤد نے پاکستان لیدر گارمنٹس مینوفیکچرر اینڈ ایکسپورٹر ایسوسی ایشن (پلگمیا) کے چیئرمین دانش خان کی سربراہی میں لیدر انڈسٹری سے وابستہ صنعتکاروں پر مشتمل وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی۔
وفد میں فواد اعجاز خان، ایس عرفان اقبال،عاطف اشرف، چوہدری احمد ذوالفقار حیات،امان اللہ آفتاب او راشد ظہور کے علاوہ وفاقی سیکریٹری تجارت صالح فاروقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
رزاق داؤد نے کہا کہ ملک کے معاشی استحکام کے لیے حکومت زیادہ سے زیادہ صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے وفد کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ لیدر کونسل کے قیام کا جائزہ لے کر جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔
پلگمیا کے وفد نے وفاقی مشیر تجارت رزاق داؤد اور سیکریٹری تجارت صالح فاروقی سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صدر پلگمیادانش خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کی محنت سے ملکی برآمدات میں اضافہ شروع ہوا ہے۔ دانش خان نے کہاکہ وزیر اعظم کے اعلان کردہ انڈسٹریل سپورٹ پیکج کا خید مقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ توانائی کی بلاتعطل فراہمی اور صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے اسی سمت میں اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
دانش خان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری تجارت صالح فاروقی کے ساتھ لیدر انڈسٹری کے خام مال سے متعلق مسائل پر بات ہوئی جس میں انہوں نے مسائل کے ہر ممکن فوری حل کی یقین دہانی کروائی ہے۔