وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو نہ پہنچ سکا ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے انٹر سٹی کرایوں میں کمی کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کر لی
وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے دعوے صرف اعلان کی حد تک رہ گئے ہیں ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچانے کا اعلان تو کر دیا گیا لیکن اس پر عمل درآمد کرانے کیلئے پنجاب حکومت نے کوئی حکمت عملی نہیں بنائی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے بنائی گئی پالیسی کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں پانچ روپے زیادہ یا کم ہونے کی صورت میں انٹر سٹی بس کرایوں میں بھی پانچ پیسے فی کلو میٹر کے حساب سے کم یا زیادہ ہو گا ،لیکن اس بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ روپے سے زیادہ کی کمی کے باوجود بھی محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے کرایوں میں کمی کرانے کے لئے حکمت عملی تیار نہیں کی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ تنظیموں کی جانب سے مشاورت کے بعد خاموش رہنے کا فیصلہ کیا ہے ، انٹر سٹی اے سی بسوں کے کرایوں میں بھی کوئی کمی نہیں کی گئی ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر انٹر سٹی اے سی بسوں اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ کیا جاتا رہا ہے ۔
گڈز کرایوں میں کمی سے اجناس کی قیمتوں میں کمی ہونا تھی، پنجاب حکومت نے بھی کوئی اقدامات نہیں کئے ۔