لاہور: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمان نے لاہور جلسے میں اعلان کیا ہے کہ جنوری کے آخر میں یا فروری کے اوائل میں اسلام آباد کی طرف پوری قوم مارچ کرے گی اور پارلیمنٹ کے استعفے ہم اپنے ساتھ لے کر جائیں گے، ہم ایسی پارلیمنٹ پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہیں اور نہ ہی اس پارلیمنٹ کے ذریعے سے ناجائز حکومت کو چلنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں ناجائز طور پر لائی گئی ناجائز حکومت مسلط رہی تو پھر اس سے عوامی غصے اور ناراضگی میں اضافہ ہو گا۔ اور انہیں خطرہ ہے کہ کہیں ملک میں ایسی صورتحال نہ پیدا ہو جائے، جس میں اسٹیبلشمنٹ اور عوام آمنے سامنے آ جائیں۔ انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے راستے سے ہٹ جائے اور انہیں اسلام آباد آنے دیں۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بندہ اب این آر او مانگ رہا ہے لیکن نواز شریف قوم کی روٹی چوری کرنے والے کو این آر او نہیں دے گا۔ مریم نواز نے اس موقع پر عمران خان کی مختلف تقاریر اور پروگراموں کی ویڈیو کلپس چلائیں، جس میں وہ نواز شریف کی تعریف کر رہے تھے۔
مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ نظام کو بدلنا ہوگا، اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے دور حکومت کی کامیابیوں کا تفصیل سے ذکر کیا اور اسٹیبلشمنٹ کے کردار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک کے حالات بری طرح خراب ہو چکے ہیں لیکن عوام کس سے پوچھیں کہ ان حالات کا ذمہ دار کون ہے۔