کرائسٹ چرچ: کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 176 رنز کی شرمناک شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا۔کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر بری طرح ناکام رہی اور دوسری اننگز میں کوئی بھی بیٹسیمین خاطر خواہ پرفارمنس نہ دکھا سکا۔
پہلی اننگز میں 297 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی تھی جس میں اظہر علی 93، کپتان محمد رضوان 61 اور فہیم اشرف 48 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ جب کہ دیگر بلے بازوں میں شان مسعود 0، عابد علی 25، حارث سہیل 1، فواد عالم 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کائلز جمیسن نے 5، ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں کپتان کین ولیمسن کی ڈبل سنچری کے بدولت رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا تھا، کین ولیمسن 238، ہینری نکولس 157 اور ڈیرل مچل نے 102 رنز کی اننگز کھیلی۔ بعد ازاں کیویز نے 659 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈیکلیئر کرکے 362 رنز کی برتری حاصل کی جس کے آگے قومی ٹیم بے بس دکھائی دی اور پوری ٹیم 186 رنز ہی بناسکی۔
قومی ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے تیسرے روز ہی ایک بار پھر کھاتہ کھولے بغیر اپنی وکٹ گنوادی تاہم چوتھے روز بھی پاکستانی بلے باز کیوی بولرز کے آگے بیٹنگ کرنا ہی بھول گئے۔ عابد علی 26، حارث سہیل 15، اظہر علی 37، کپتان محمد رضوان 10 ، فواد عالم 16، فہیم اشرف 28، ظفر گوہر37 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
کائیل جیمیسن نے اننگز میں 6 اور میچ میں 11 وکٹیں حاصل کیں، جس پر انہیں مین آف دی میچ جب کہ کپتان کین ولیمسن کو مین آف دی سیریز سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ مائونٹ مانگونئی ٹیسٹ میں پاکستان کو 101 رنز سے شکست ہوئی تھی۔