لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کا ایک ہفتے کے لیے اگلے برس کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کرنا ایک چھوٹا قدم ضرور ہو گا، لیکن اس چھوٹے قدم کے مثبت اثرات بڑے ہوں گے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم مختصر دورے کے لیے پاکستان آتی ہے تو یہ ایک بڑا بریک تھرو ہوگا اور اس چھوٹے قدم کے اثرات بڑے ہوں گے اور اس سے دوسری ٹیموں کا پاکستان پر اعتماد بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے بارہ، تیرہ کھلاڑی پہلے ہی پی ایس ایل کھیلنے کے لیے پاکستان آ چکے ہیں، انہیں یہاں آکر کوئی مسئلہ نہیں ہوا بلکہ آرام دہ ماحول میں رہے، اب بھی اگر یہ دورہ ہوتا ہے تو یہ ایک چھوٹا دورہ ہو گا جو کہ ایک ہفتے کا ہو سکتا ہے لیکن اس کا فائدہ یہ ہو گا کہ آسٹریلیا کو 2021 کے سیزن کیلئے آسانی ہوگی۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اس کے بعد اسی طرح سے دورے ہوں گے، انگلینڈ کی ٹیم مکمل دورے کے لیے پاکستان آئے گی اور میں سمجھتا ہوں کہ چھوٹے چھوٹے بلڈنگ بلاکس سے ہم بڑی عمارت کھڑی کر لیں گے۔
قبل ازیں انگلش کرکٹ بورڈ نے دورے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت کی تصدیق کی۔ انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2021ءکے شروع میں دورے کی دعوت دی ہے، اس حوالے سے پی سی بی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بات کرکے حتمی فیصلہ کریں گے اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے ای سی بی اپنا کردار ادا کرے گا۔انگلش بورڈکا کہنا ہے کہ مجوزہ دورہ پاکستان سے پہلے سکیورٹی اور صحت کے معاملات دیکھنا ہوں گے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ انگلش بورڈ کو باضابطہ طور پر تین ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے خط لکھا ہے جس کے لیے جنوری میں دعوت دی گئی ہے۔وسیم خان نے کہا کہ جنوبی افریقی بورڈ کے بحران کے باوجود پاک جنوبی افریقا سیریز کو خدشہ نہیں، جنوبی افریقہ کی سکیورٹی جائزہ ٹیم نومبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی اور ٹیم شیڈول کے مطابق جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی مچز شیڈول ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقی ٹیم کے دورے سے قبل انگلش ٹیم کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے البتہ دورے سے قبل انگلش بورڈ سکیورٹی اور حالات کا جائزہ لے گا۔