عیدالفطر 2019ء کے موقع پر نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کے حوالے سے اسٹیٹ بینک نے اعداد و شمار جاری کر دئیے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق بینک دولت پاکستان نے اپنے ذیلی ادارے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی بی ایس سی) کے 16 فیلڈ دفاتر کے ذریعے لاکھوں شہریوں کو مجموعی طور پر 360 ارب روپے کے نئے کرنسی نوٹ فراہم کئے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق 100 روپے اور اس سے کم مالیتوں کے 61 ارب روپے کے نئے کرنسی نوٹ بھی اس میں شامل ہیں، جو بینکوں کے کیش کاؤنٹرز اور اور ایس ایم ایس سروس (8877) کے ذریعے عوام کو رمضان المبارک کے دوران فراہم کئے گئے۔
مرکزی بینک نے بتایا ہے کہ 61 ارب روپے میں سے 54 ارب روپے ایس ایم ایس سروس کے ذریعے جاری کیے گئے۔ یہ سہولت 142 شہروں میں کمرشل بینکوں کی 1700 سے زائد برانچوں اور ایس بی پی بی ایس سی کے 16 فیلڈ دفاتر پر دستیاب تھی۔ اس سروس سے عیدالفطر سے قبل 30 لاکھ سے زائد افراد نے استفادہ کیا۔
’’واضح رہے‘‘ کو معلوم ہوا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی ایس ایم ایس سروس کے باوجود سیکڑوں افراد نئے کرنسی نوٹوں سے محروم رہے۔ کئی شہریوں نے نئے کرنسی نوٹوں کیلئے اپلائی کیا تو انہیں ’’ہاؤس فل‘‘ کی وجہ سے نئے نوٹ نہیں مل سکے۔ بہت سے شہریوں نے ایک بار ناکامی کے بعد متعدد مرتبہ کوشش کی اور 8877 پر ایس ایم ایس بھیجا، لیکن انہیں نئے کرنسی نوٹ جاری نہیں ہو سکے۔
واضح رہے کہ ایک ایس ایم ایس 1.50 روپے علاوہ ٹیکس تھا، جس سے اسٹیٹ بینک کے بقول 30 لاکھ پاکستانیوں نے نئے کرنسی نوٹ نکلوائے۔ یوں ایس ایم ایس سروس سے بھی حکومت نے چارجز کی مد میں بھاری رقوم حاصل کیں۔