پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) جہاں ہر گزرتے سیزن کے ساتھ مقبولیت کے ریکارڈ توڑ رہی ہے وہیں لیگ میں صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں کی تعداد میں بھی بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ پی ایس ایل کے اب تک ہونے والے چار ایڈیشنز میں 140 کھلاڑی بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے، جن میں سب سے زیادہ ’’ڈک‘‘ سیزن فور میں ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آوٹ ہونے کا منفی ریکارڈ پشاور زلمی کے اوپننگ بیٹسمین کارمران اکمل کے پاس ہے، جنہوں نے 2016 سے 2019 تک کھیلے گئے ایونٹس میں 8 بار صفر پر اپنی وکٹ گنوائی۔ فہرست میں دوسرے نمبر پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم ہیں، جو مجموعی طور پر 5 بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔
4مرتبہ بغیر کوئی رن بناکر آئوٹ ہونے والے کھلاڑیوں کی تعداد 6 ہے۔ ان میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سابق کھلاڑی کیون پیٹرسن، اسلام آباد کے لیوک رونکی، شاداب خان اور کیمرون ڈلپورٹ، کراچی کنگز کے مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم اور فاسٹ بالر محمد عرفان شامل ہیں۔ واضح رہے کہ محمد عرفان پی ایس ایل تھری میں لاہور قلندرز کا حصہ تھے اور قلندرز کی طرف سے کھیلتے ہوئے بھی وہ 2 بار صفر آؤٹ ہوئے تھے۔
اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ کے جارح مزاج آل راؤنڈر آصف علی، پشاور زلمی کے صہیب مقصود، کراچی کنگز کے عمر خان اور لاہور قلندرز کے سابق کپتان برینڈن میکولم کی اننگز کا 3،3 مرتبہ صفر پر خاتمہ ہوا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ سُپر لیگ کے ٹاپ 10 ’ڈک‘ کھلاڑیوں کی فہرست میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے کیمرون ڈلپورٹ بھی نمایاں ہیں۔ یہ وہی ڈلپورٹ ہیں جنہوں نے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے پی ایس ایل فور میں 117 رنز کی دوسری بڑی انفرادی اننگز کھیلی تھی، مگر اسی سیزن میں انہیں تین بار صفر پر آؤٹ ہونے کی ہزیمت بھی اٹھانا پڑی۔
کامران اکمل بھی پی ایس ایل فور میں 3 بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل 2018 میں ہونے والے پی ایس ایل ٹورنامنٹ میں بھی کامران اکمل تین بار بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے تھے۔ جبکہ پی ایس ایل 2017 میں وہ 2 بار ’ڈک‘ ہوئے تھے۔
پی ایس ایل کے افتتاحی ایونٹ کی بات کی جائے تو اس میں صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں کی تعداد 28 رہی، جو باقی تین ایونٹس کے مقابلے میں سب سے کم ہے۔ پی ایس ایل 2016 کی صفر پر آؤٹ ہونے کی فہرست میں عماد وسیم 3 ’ڈک‘ کے ساتھ ٹاپ پر رہے۔
2017 میں صفر پر وکٹ گنوانے والے کھلاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا اور یہ تعداد 31 تک جا پہنچی۔ اس بار سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر پویلین لوٹنے کا منفی ریکارڈ صہیب مقصود کے نام رہا۔ وہ بھی 3 بار ہی بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے تھے۔
2018میں پی ایس ایل کے صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں کی فہرست مزید دراز ہوگئی اور اب 37 کھلاڑی ایسے تھے جنہوں نے ’ڈک‘ پر اپنی وکٹ گنوائی۔
اس سال پی ایس ایل فور میں مجموعی طور پر 44 کھلاڑیوں کی اننگز کا خاتمہ صفر پر ہوا، جن میں عمر خان، کامران اکمل، کیمرون ڈلپورٹ، فواد احمد، محمد عامر، کولن منرو، حسین طلعت، محمد آصف اور لیوک رونکی نمایاں ہیں۔
اعداد و شمار کے حساب سے 2019 پی ایس ایل میں سب سے زیادہ یعنی 44 ’ڈک‘ کا ریکارڈ قائم ہوا۔