اسلام آباد: پاکستان میں گُھس کر حملہ کرنے کی بھارتی گیدڑ بھپھکیاں ایک بار ٹائیں ٹائیں فش ہوگئیں۔ ’’فالس فلیگ آپریشن‘‘ کا منصوبہ بنانے والا بھارت راتوں رات منہ کے بل گر پڑا۔ بھارتی فوج کی عقل ٹھکانے آگئی اور اب اس نے کہا ہے کہ اس کا پاکستان کے اندر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی سرکاری ذرائع کے حوالے سے گزشتہ روز یہ رپورٹس زیر گردش تھیں کہ مودی سرکار کسانوں کے احتجاج، اقلیتوں کیساتھ اپنے برتاؤ، مقبوضہ کشمیر میں سفاکانہ کارروائیوں سمیت مختلف معاملات سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے ایک ’’فالس فلیگ آپریشن‘‘ کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
بھارت کی جانب سے ممکنہ حملے کے پیش نظر ایل او سی پر پاک فوج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا تھا۔ پاک فوج کی سرحد پر غیر معمولی موومنٹ کو دیکھ کر بھارت نے کسی بھی قسم کے ’’مس ایڈونچر‘‘ کا اپنا ارادہ ترک کر دیا اور بھارتی فوج نے پسپائی اختیار کرلی ہے۔ فی الحال بھارتی فوج نے پاکستان کے اندر حملہ کرنے کا خیال اپنے ذہن سے نکال دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کرنے والے بھارت کو منہ کی کھانی پڑی تھی۔ 2019 میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ایک اور بزدلانہ کارروائی کرنے کی کوشش کی تھی، جس کے دوران بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار کیا گیا تھا۔ جنہیں بعد ازاں انسانی ہمدردی کی بنا پر رہا کر دیا گیا تھا۔