مظفرآباد: پاکستان نے سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے بعد کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) بھی بنالی۔ کشمیرپریمیئر لیگ کا آغاز پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے کیا گیا ہے اور لیگ میں 6 ٹیمیں شامل کی گئی ہیں۔
ٹیموں میں مظفر آباد ٹائیگرز، میر پور رائلز، کوٹلی پینتھرز، راولاکوٹ ہاکس، باغ اسٹیلیئنز اوورسیز وارئیرز شامل ہیں۔ جبکہ لیگ کے میچز یکم اپریل سے ہوں گے۔ اسلام آباد میں کشمیر پریمیئر لیگ کی لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے شرکت کی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے بنا نامکمل ہیں، کشمیر کے لوگ پاکستان کے لوگوں اور کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے ہمشہ پاکستان کو سپورٹ کیا ہے، ہمیں آزاد کشمیر سے بے پناہ ٹیلنٹ ملے گا۔
کے پی ایل کے برینڈ ایمبیسڈر اور معروف کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا جیسے پی ایس ایل کے لیے خوش تھا ویسے ہی کشمیر پریمیئر لیگ کے لیے خوش ہوں، اس لیگ کے ذریعے پوری دنیا میں کشمیر کا اچھا امیج جائے گا۔