پاکستان نے دورئہ انگلینڈ کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے کاؤنٹی ٹیم کینٹ کو پہلے ٹور میچ میں شکست دے دی۔ عماد وسیم کے ناقابل شکست 117 رنز کی بدولت پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینٹ کو 359 رنز کا ہدف دیا۔
ٹور میچ میں امام الحق اور فخر زمان نے ٹیم کو 92 رنز کا اسٹارٹ دیا، مگر اس کے بعد مڈل آرڈر لڑکھڑا گیا اور 164 کے اسکور پر نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ تاہم اس موقع پر حارث سہیل اور عماد وسیم نے بڑی شراکت قائم کی اور مجموعے کو 300 کے پار پہنچایا۔ پاکستان کی طرف سے عماد وسیم 117 رنز ناٹ آؤٹ، فخر زمان 76، حارث سہیل 75 اور امام الحق 39رنز بناکر نمایاں رہے۔
ہدف کے تعاقب میں کینٹ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلش کاؤنٹی ٹیم کے ابتدائی تین بیٹسمین 44 کے مجموعی اسکور پر ہی آؤٹ ہوگئے تھے، جس کے بعد اے جے بلیک اور رابسن سن نے مزاحمت کی، مگر یہ دونوں بلے باز بھی بالترتیب 89 اور 49 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ یوں کینٹ کی پوری ٹیم258 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے، جنہوں نے 10 اوورز میں 90 رنز دیئے۔ یاسر شاہ نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ اس کے علاوہ فہیم اشرف، حسن علی، فخر زمان نے دو، دو جبکہ عماد وسیم نے ایک شکار کیا۔