انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 5 ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے پر ختم ہوگیا۔ بارش کی آنکھ مچولی نے کھیل کو 19 اوورز سے آگے نہ بڑھنے دیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں پر 80 رنز بنالئے تھے۔
انگلینڈ نے لندن میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بارش کے باعث میچ مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا اور 47 ،47 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا، لیکن فخر زمان 11 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد محض 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز بابراعظم تھے، جو 45 کے مجموعی اسکور پر 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد حارث سہیل اور امام الحق نے اسکور کو 71 رنز تک پہنچایا ہی تھا کہ ایک مرتبہ پھر بارش شروع ہوگئی اور کھیل کو روک دیا گیا۔
بارش رُکتے ہی کھیل کا دوبارہ آغاز ہوا تو میچ کو 41، 41 اوورز تک محدود کردیا گیا لیکن جلد ہی ایک بار پھر بارش نے مداخلت کی اور یوں کھیل کو دوسری بار روکا گیا۔ تاہم بارش نہ تھمنے کی وجہ سے میچ کو ختم کردیا گیا۔
واضح رہے کہ پہلے ون ڈے کیلئے محمد عامر کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، جن کی ورلڈ کپ میں شمولیت انگلینڈ کیخلاف کارکردگی دکھانے سے مشروط ہے۔