انقرہ: ترکی نے واضح کیا ہے کہ امریکی پابندیوں کے باوجود وہ روس سے دفاعی ایس 400 میزائل سسٹم خریدنے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ جمعرات کو ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوشوغلو نے ترک ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ترکی پابندیوں کے خلاف جوابی پابندیاں بھی عائد کرے گا اور ابھی ان کے حوالے سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترکی پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ سیاسی اور قانونی طور پر غلط ہے اور یہ ترکی کی خودمختاری پر حملہ ہے۔ مولود چاوشوغلو کا مزید کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے انقرہ کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس روس سے ایس 400 فضائی دفاعی نظام خریدنے پر امریکہ نے ترکی پر پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا تھا، جس کی وجہ سے دونوں نیٹو اتحادیوں کے مابین پہلے سے اتار چڑھاؤ کے شکار تعلقات مزید بگڑنے کا امکان ہے۔
ترک وزیر خارجہ نے فرانس کے ساتھ جاری اختلافات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ترکی فرانس سے تعلقات معمول پر لا سکتا ہے لیکن فرانس کو اس سے پہلے شام میں جاری ترکی کے فوجی آپریشنز کے بارے میں اپنا موقف تبدیل کرنا ہو گا۔
ترکی اور فرانس کے درمیان شام، لیبیا اور نگورنو کاراباخ سمیت کئی معاملات پر سخت کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ فرانس میں پیغمبر اسلام کے خاکوں کے شائع ہونے پر بھی فرانس اور ترکی کے صدر کے درمیان تلخ بیانات کا تبادلہ ہوا تھا۔ فرانس ترکی کے خلاف یورپی یونین کی پابندیاں عائد کرنے کے مہم کی بھی سربراہی کر رہا ہے۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے صدر ٹرمپ کے ساتھ تعلقات کی بنیاد پر امریکی دھمکیوں کو غلط ثابت کرنے کی امید ظاہر کی تھی۔ اردگان کے ساتھ باہمی تعلقات قائم کرنے کے بعد صدر ٹرمپ نے اپنے مشیروں کے مشورے کے باوجود طویل عرصے سے ترکی کے خلاف امریکی پابندیوں کی مخالفت کی۔