جدہ: اسلامی تعاون کونسل (او آئی سی) کے انسانی حقوق کمیشن بھارتی فورسز کے ظالمانہ اقدامات اور آسیہ اندرابی سمیت دیگر حریت رہنماؤں کی حراست کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری اس کیخلاف بھارت پر دباؤ ڈالے۔
او آئی سی انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکام نے جھوٹے الزامات پر آسیہ اندرابی اور خاندان کے دو افراد کو تہاڑ جیل میں رکھا ہوا ہے۔ بھارتی حکام کی کالے قانون کی آڑ میں ایسی کارروائیاں قابل مذمت ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آسیہ اندرابی اور دیگر سیاسی قیدیوں کو منصفانہ ٹرائل کا حق بھی نہیں دیا جا رہا۔ آسیہ اندرابی اور دیگر کو جسمانی اور ذہنی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ زیر حراست ان افراد کو علاج کی سہولت نہ دے کر ان کی زندگی سے کھیلا جا رہا ہے۔
57 مسلم ممالک کی نمائندہ تنظیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارتی اقدام انسانی حقوق کے عالمی اور انسانی قوانین کے منافی ہے۔ کالے قوانین کے تحت سیاسی کارکنوں اور شہریوں کو گرفتار کرنے پر شدید تشویش ہے۔