دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کردی۔ نئی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کے کپتان بابراعظم کی بیٹسمینوں کی فہرست میں تیسری پوزیشن برقرار ہے، جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
آئی سی سی رینکنگ کے مطابق بھارت کے روہت شرما دوسرے اور نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر چوتھے نمبر پر ہیں۔ آئی سی سی فہر ست کے مطابق قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق تنزلی کے بعد 12ویں نمبر پر جبکہ اوپنر فخرزمان بھی تنزلی کے بعد 18ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
اسی طرح آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی بالرز کی فہرست کے مطابق نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلی اور جسپریت بمرا کی دوسری پوزیشن ہے۔آئی سی سی کی ون ڈے بالنگ رینکنگ میں پاکستان کے محمد عامر آٹھویں نمبر پر جبکہ فاسٹ بالرشاہین شاہ آفریدی ترقی پانے کے بعد 16ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی آل راؤنڈرز کھلاڑیوں کی رینکنگ کے مطابق شکیب الحسن پہلے اور افغانستان کے محمد نبی دوسرے نمبر پر ہیں۔ آل راؤنڈرز کی فہر ست میں پاکستان کے عماد وسیم کی ایک درجے کی تنزلی کے بعد چوتھے نمبر سے پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔