نارتھ کراچی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن اے معیز خان اور صدر نسیم اختر نے صنعتی ایریا میں قبضہ مافیا کی بڑھتی غیرقانونی سرگرمیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیربلدیات ناصر حسین شاہ سے نوٹس لینے اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے باعث سندھ حکومت سمیت دیگر متعلقہ ادارے اس وبا کی روک تھام کے اقدامات میں مصروف ہیں جس کا قبضہ مافیا نے فائدہ اٹھانا شروع کردیا ہے۔
نکاٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کورونا سے پیدا سنگین صورتحال اور سندھ حکومت کی تمام تر توجہ اس وبا کو روکنے پر مرکوز ہونے کے بعد نارتھ کراچی صنعتی ایریامیں قبضہ مافیا سرگرم ہو گیا ہے اور صنعتی ایریا میں تجاوزات قائم کرنا شروع کردی ہیں جبکہ غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ بھی زور پکڑ گیا ہے اور اب تو ان کی دیدہ دلیری اس حدتک بڑھ گئی ہے کہ وہ مرکزی شاہراہوں پر بھی تجاوزات قائم کرنے اور غیر قانونی تعمیرات کرتے ہوئے کسی خوف کا شکار نہیں ہوتے۔
انہوں نے نشاندہی کرتے ہوے کہا کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا کے سیکٹر 6 اے میں مرکزی شاہراہ پر غیر قانونی طور پر مکان کی تعمیر کی جارہی تھی جسے پولیس کی مدد سے رکوایا گیا، لہٰذا قبضہ مافیا کی بڑھتی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ مؤثر کارروائی کی جائے کیونکہ غیر قانونی طور پر بڑھتی تعمیرات اور تجاوزات کی وجہ سے صنعتوں کو جانے والے کشادہ راستے تنگ ہورہے ہیں جس سے صنعتوں کو خام مال کی فراہمی کے ساتھ ساتھ برآمدی صنعتوں سے بندرگاہوں کے لیے مال کی ترسیل بھی تاخیر کا شکار ہوتی ہے۔
کیپٹن اے معیز خان اور نسیم اختر نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ سے اپیل کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمے اور غیر قانونی تعمیرات کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں اور متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت کریں تاکہ بلا رکاوٹ صنعتی سرگرمیاں جاری رکھی جاسکیں۔