ہسپانوی شہر کاسٹیلو ڈی موکریا میں نومولود بچوں کے اوپر سے چھلانگ لگانے کی روایت 400 برس پرانی ہے، تاہم خوش قسمت طور پر اس میں کبھی کسی کمسن کو نقصان نہیں پہنچا۔ والدین خصوصاً ماؤں کیلئے یہ ایک مشکل وقت ضرور ہوتا ہے کہ جب پیلے رنگ کے سوٹ میں ملبوس افراد گلیوں میں بھاگتے ہوئے آتے ہیں اور ان کے بچوں کے اوپر سے کودتے ہیں۔
’’ایل کولاچو‘‘ یعنی بے بی جمپنگ کا سالانہ تہوار ہسپانوی صوبہ برگوس میں بسنے والے عیسائیوں کے کیتھولک فرقہ کیلئے مذہبی حیثیت رکھتا ہے، جس میں پیلے رنگ کے لباس میں ملبوس شخص بھوت کی مانند ہے۔ یہ بھوت نومولود بچوں کے اوپر سے چھلانگ لگاتا ہے اور شہر کے باسیوں کا عقیدہ ہے کہ اس عمل سے بچہ تمام برائیوں سے پاک ہوجاتا ہے۔
منفرد فیسٹیول ہر برس جون کے مہینے میں اتوار کے روز منعقد کیا جاتا ہے، جس میں اسی سال پیدا ہونے والے بچوں کو گلی میں رکھے میٹرس پر لٹایا جاتا ہے۔ جبکہ والدین اپنے بچوں کیلئے تکیے گھر سے لاتے ہیں۔
مائیں اپنے بچے کو "بھوت کے سامنے پیش" کرنے سے پہلے اس پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کرتی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ ہسپانوی علاقے کی کسی خاتون نے کبھی نومولود بچوں پر سے کودنے کا رسک نہیں لیا ہے، کیونکہ پھسل جانے یا چھلانگ کامیاب نہ ہونے کی صورتوں میں بچوں کو شدید چوٹیں آسکتی ہیں۔
مذہبی تہوار کے نام پر نومولود بچوں کو لاحق خطرے کے پیش نظر ویٹیکن سٹی سے بھی ’’ایل کولاچو‘‘ کیخلاف آوازیں اٹھی ہیں اور اس رسم کو ختم کرنے کی کا مطالبہ بھی سامنے آیا ہے، مگر تمام اعتراضات کے باوجود یہ روایت 1620 سے جاری ہے۔