سابق ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور کرکٹ بورڈز سے امریکہ میں نسلی تعصب کے واقعات کے خلاف آواز اٹھانے کا مطالبہ کردیا۔ امریکا میں نسلی تعصب کے واقعات کے خلاف ٹوئٹر پر اپنے ردعمل میں 36 سالہ ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ”آئی سی سی اور دیگر کرکٹ بورڈز کو دکھائی نہیں دے رہا کہ ہمارے ساتھ کیا ہورہا ہے؟
ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ کیا وہ ہم جیسوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر بولیں گے نہیں؟ سیاہ فام افراد کی زندگیاں بھی اہم ہیں۔سابق ویسٹ انڈین کپتان کا کہنا تھاکہ یہ معاملہ صرف امریکا تک محدود نہیں، یہ روز کا معمول بن چکا ہے، یہ خاموش رہنے کا وقت نہیں ہے“۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں امریکی ریاست َمینیسوٹا میں ایک سیاہ فام شخص کی پولیس حراست میں ہلاکت ہوگئی تھی، واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سے امریکا میں شدید احتجاج کیا جارہا ہے جس کے باعث 6 ریاستوں میں سخت کرفیو بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔ امریکا کے علاوہ دنیا بھر میں اس واقعے کی شدید مذمت کی جارہی ہے اور اس پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔