لندن: مسیحی اکثریتی ممالک میں کرسمس کے تہوار کے موقع پر ایک نئے قسم کا کورونا وائرس پھیل رہا ہے، جس کے باعث سرکاری سطح پر کرسمس کی تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں۔ جبکہ انگلینڈ، اٹلی اور نیدرلینڈز میں لاک داؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
برطانیہ اور اٹلی میں لاکھوں لوگ اس سال کرسمس کرونا وائرس کی وجہ سے عائد نئی پابندیوں میں منائیں گے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کرسمس پر لندن اور جنوبی برطانیہ کے مکینوں کے لیے گھرمیں رہنے کا نیا حکم جاری کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ جنوبی برطانیہ میں ملک کی ایک تہائی آبادی رہتی ہے۔
برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کی ایک نئی قسم دریافت کی گئی ہے۔ کورونا وائرس کی یہ نئی قسم نوجوانوں کو بھی شدید متاثر کر رہی ہے اور یہ 70 فیصد تک دوسروں تک پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
برطانوی وزیراعظم نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی ایک بریفنگ میں کہا کہ مجھے بڑے دکھی دل کے ساتھ آپ سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ہم منصوبے کے مطابق کرسمس نہیں منا سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وائرس سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو کم ازکم 30 دسمبر تک لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں رہنا ہوگا۔
لندن اور انگلینڈ کے جنوب مشرقی علاقوں کے رہائشیوں کو کرسمس کے بعد بھی اپنے رشتہ داروں یا کسی دوسرے کے گھر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ تاہم کھلی فضا میں کسی دوسرے شخص سے ملنے کی اجازت ہو گی۔ متاثرہ علاقوں میں اتوار کے رات سے کسی بڑی مجبوری میں ہی گھر سے باہر نکلنے کی اجازت ہوگی۔ اشیائے خوراک کے علاوہ تمام دکانیں بند رہیں گی۔
برطانیہ میں زیادہ تیزی سے پھیلنے والی نئی قسم کے بارے میں پتہ چلنے کے بعد نیدر لینڈز نے برطانیہ سے آنے والی تمام پروازوں پر یکم جنوری تک پابندی عائد کر دی ہے۔ نیدر لینڈ میں جنوری کے وسط تک پانچ ہفتے کا لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سکول، بازار، ریستورنٹ، علاقائی سفر اور غیرضروری کاروبار بند رہیں گے۔ اٹلی نے بھی چھ جنوری تک نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں جن کے تحت لوگ دن میں صرف ایک بار گھر سے نکل سکیں گے۔