لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے اپنے دور میں شروع ہونے والے لاہور کے میگا پروجیکٹ اورنج میٹرو لائن کا افتتاح کردیا۔ لیگی رہنما و کارکنان انارکلی اسٹیشن پہنچے، اور انہوں نے شہباز شریف کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔ اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے اورنج لائن ٹرین کا عوامی افتتاح ربن کاٹ کر کردیا۔
کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کہنا تھا کہ آج پنجاب کا خادم اعلیٰ شہبازشریف پابند سلاسل ہے، ان کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے پنجاب کی حالت بدل دی، عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لے کر آئے، اپنے بھائی کا ساتھ دینا شہبازشریف اور حمزہ شہباز کا جرم بن گیا ہے، آج اورنج لائن ٹرین منصوبے کے بانی جیل میں ہیں۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے حقوق مانگنے پر ہمیں جیلوں میں ڈالا جاتا ہے، ہمارے رہنماؤں پر جھوٹے مقدمے بنائے جاتے ہیں، لاڈلوں کے لئے ایک قانون، اور ن لیگ کے لئے دوسرا قانون ہے، احتساب کا پھندا ن لیگ کے گلے کے گرد کستے ہیں، اورنج لائن ٹرین کی تاخیر سے قومی خزانے کو اربوں کا ٹیکہ لگا، پاکستان کو نقصان پہنچانے والوں سے کون حساب لے گا۔
ن لیگ کے رہنما ایاز صادق کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات عوام کے سامنے ہیں، چینی،آٹا، بجلی اور گیس چوروں کا وقت پورا ہوگیا، اب عوام کی برداشت سے باہر ہوگیا ہے، عوام کو جلد اس حکومت سے نجات ملے گی، پی ٹی آئی کے عدالتی حملے ناکام ہوئے، حکومت کے خلاف تمام سیاسی جماعتیں ایک ہوگئی ہیں، عمران خان کی حکومت کا وقت پورا ہونے والا ہے وہ تیاری کرلیں، 13 دسمبر کو لاہور میں پی ڈی ایم کا تاریخی جلسہ ہوگا۔
لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اس پروجیکٹ پر پی ٹی آئی نے سٹے آڈر لیا جان بوجھ کر تاخیر کی گئی، پی ٹی آئی چاہتی تھی کہ شہباز شریف اس کا افتتاح نہ کر سکیں، لیکن عمران خان کی تمام سازشوں کے باوجود ہم اس کا افتتاح کریں گے، شہباز شریف کٹ مریں گے لیکن لیکن اپنے بھائی کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔