ملک میں برائلر مرغی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد اب یہ قیمت 400 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔ یہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ مرغی کا گوشت 400 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہر میں زندہ مرغی (برائلر) کی قیمت 250 تک جا پہنچی ہے۔ موسم گرم اور فیڈ مہنگی ہونے کے باعث مرغی کی نرخ میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ مرغی کے ریٹ گزشتہ ہفتے سے بڑھ رہے ہیں۔ عوام ان سے جھگڑتے ہیں کہ اتنی مہنگی مرغی کیوں بیچ رہے ہو۔ تاہم قیمتوں کا تعین کرنا ان کے اختیار میں نہیں۔ جب مرغی مہنگی لائیں گے تو کم قیمت پر کیسے بیچیں گے۔
ادھر کمشنر کراچی کی آج کی پولٹری پرائس لسٹ میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 378 روپے مقرر کی گئی ہے۔ جبکہ زندہ مرغی کا ریٹ 244 روپے رکھا گیا ہے۔ اسی طرح فی درجن انڈے (فارم) کے تھوک نرخ 95 روپے اور خوردہ قیمت 98 روپے ہے۔ تاہم شہر بھر میں انڈے 120 روپے درجن کے حساب سے ہی فروخت کئے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے شہر بھر میں مرغی کی فی کلو قیمت 360 روپے تھی، جس میں جمعرات سے اب تک 40 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ سرکاری نرخ بھی بدستور بڑھائے جا رہے ہیں۔
اس حوالے سے پولٹری عہدیداران کا کہنا ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر گرنے کے باعث مرغیوں کی فیڈ بہت زیادہ مہنگی ہوگئی ہے۔ جبکہ موسم گرما کے دوران مرغی کی طلب میں کسی حد تک اضافہ بھی ہوجاتا ہے، جو قیمتوں میں ہوش رُبا اضافے کا سبب ہے۔
ادھر لاہور میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 4 روپے اضافہ ہوگیا اور ریٹ 287 سے بڑھ کر 291 روپے کلو ہو گیا ہے۔ تاہم ایک درجن فارمی انڈوں کی قیمت 100 روپے کی سطح پر برقرار رہی۔